پاکستانتازہ ترین

پاکستان اور ایران کا سکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور امیگریشن تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان اور ایران نے سکیورٹی، انسداد دہشتگردی، سائبر سکیورٹی، امیگریشن اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر سکندر مومنی کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔

ملاقات میں پاک ایران تعلقات، حالیہ امن معاہدے کے بعد خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امن، استحکام اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر سکندر مومنی نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کے دورہ پاکستان کے دوران پرتپاک استقبال اور بہترین میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں مشترکہ اعلامیے پر دستخط اور امن کوششوں کی کامیابی پر اپنے ایرانی ہم منصب کو مبارکباد دی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ پیشرفت حکومت ایران اور ڈاکٹر سکندر مومنی کی مخلصانہ کوششوں کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ پاکستان ہمیشہ عالمی امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کا حامی رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی مثبت سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور امید ہے کہ حالیہ امن معاہدے کے خطے پر دور رس مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، سائبر سکیورٹی، امیگریشن اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر سکندر مومنی نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا تفصیلی دورہ کریں گے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانا ہے۔

انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکراتی عمل میں پاکستان کے مخلصانہ کردار اور پاکستانی عوام کی حمایت کو بھی سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button