انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

وفاقی آئینی عدالت آئین کی بالادستی کیلئے پرعزم ہے: جسٹس امین الدین خان

ماسکو (ویب ڈیسک) چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت عالمی عدالتی تعاون اور آئین کی بالادستی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت نے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقد ہونے والے سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل لیگل فورم میں شرکت کی، جہاں انہوں نے عالمی عدالتی تعاون، آئینی امور اور قانونی معاملات پر پاکستان کی نمائندگی کی۔

فورم کے دوران جسٹس امین الدین خان کی ترکیہ کے وزیر انصاف اکین گورلیک سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ، قانونی تجربات کے تبادلے اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی۔

چیف جسٹس کی تاجکستان کے چیف جسٹس رستم پیراخمادووچ مرزوزادہ سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے عدالتی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے اور تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور روس کے درمیان قانونی تعاون پر گفتگو

جسٹس امین الدین خان نے روسی فیڈریشن کونسل میں روس، پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ سینیٹر ولادیمیر چیزوف سے بھی ملاقات کی۔

ملاقاتوں کے دوران آئینی قانون، عدالتی اصلاحات، قانونی مہارت کے تبادلے اور بین الاقوامی سطح پر عدالتی تعاون بڑھانے کے امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عالمی عدالتی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل لیگل فورم میں شرکت پاکستان کے عالمی قانونی اور عدالتی کردار کی عکاس ہے۔ دورے کے دوران عالمی قانونی شخصیات سے اہم ملاقاتیں ہوئیں اور بین الاقوامی عدالتی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button