پاکستانتازہ ترین

پنجاب میں ایس ایم ایز کیلئے بے پناہ مواقع، تاجروں کی ہر ممکن مدد کریں گے: مریم نواز

لاہور (سلمان حسین) – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرینیورشپ (SMEs) کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، حکومت ایس ایم ایز سے وابستہ تاجروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایس ایم ایز کا عالمی دن منانے کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور حکومت کی توجہ اس شعبے کی ترقی پر مرکوز کرنا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب آسان کاروبار فنانس اسکیم اور آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے ایس ایم ایز کو سہارا فراہم کر رہی ہے، جبکہ ان اقدامات کے باعث ٹرانسپورٹ سیکٹر اور ہول سیل کاروبار کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت لائیو اسٹاک، زراعت، دستکاری، گارمنٹس اور دیگر شعبوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ چھوٹے کاروباروں میں سرمایہ کاری اقتصادی استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

ایس ایم ایز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (SMEs) ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کے فروغ سے روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں اور عوامی خوشحالی میں اضافہ ہوتا ہے۔ حکومت نے بجٹ میں ٹیکس نہ بڑھا کر چھوٹے اور درمیانے کاروبار کرنے والوں کو فائدہ پہنچایا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت چھوٹی صنعتوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے لوجسٹک سپورٹ، جدید ٹیکنالوجی اور نئی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ڈیف بلائنڈ افراد کی معاونت اجتماعی ذمہ داری ہے: مریم نواز

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیف بلائنڈنس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بیک وقت سماعت اور بصارت سے محروم افراد خصوصی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیف بلائنڈ افراد نہ بوجھ ہیں اور نہ ہی بے کار، بلکہ یہ حوصلے، محنت اور خود داری کی روشن مثال ہیں۔ ان کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی احسان نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے۔ حکومت پنجاب ہمت کارڈ کے ذریعے ڈیف بلائنڈ سمیت تمام خصوصی افراد کی باعزت معاشی معاونت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور شرکت کر سکیں۔ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت خصوصی تعلیمی مراکز کو سنٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور خصوصی بچوں کو جدید تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خاران اور مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر اظہار تشکر کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا سکیورٹی اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button