امریکی پاسپورٹ کا نیا ڈیزائن ٹرمپ نے اپنی ہی تصویر چھاپ دی
واشنگٹن (ویب ڈیسک) – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں خصوصی یادگاری امریکی پاسپورٹ کا نیا ڈیزائن جاری کر دیا ہے، جس میں ان کی تصویر نمایاں طور پر شامل کی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر نئے پاسپورٹ ڈیزائن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پیغام میں لکھا کہ "امریکہ کا نیا پاسپورٹ، جس پر لکھا ہے خوش آمدید، لیکن اچھا رویہ اختیار کریں!”
جاری کی گئی تصویر کے مطابق پاسپورٹ کے ایک صفحے پر صدر ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس کے مشہور ریزولوٹ ڈیسک پر بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں امریکہ کے تاریخی اعلانِ آزادی کا متن موجود ہے۔
نئے ڈیزائن میں اسی صفحے کے نچلے حصے میں صدر ٹرمپ کے دستخط بھی شامل کیے گئے ہیں، جبکہ پاسپورٹ کے ابتدائی صفحے پر معروف مصور جان ٹرمبل کی مشہور پینٹنگ دی ڈیکلریشن آف انڈیپنڈنس شامل کی گئی ہے۔
نیا پاسپورٹ ڈیزائن پہلے والے سے مختلف
رپورٹس کے مطابق نئے پاسپورٹ میں استعمال کی گئی صدر ٹرمپ کی تصویر واشنگٹن میں قائم اسمتھسونین نیشنل پورٹریٹ گیلری میں موجود ان کے سرکاری پورٹریٹ سے مشابہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ڈیزائن امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے رواں سال کے آغاز میں جاری کیے گئے ابتدائی ڈیزائن سے مختلف ہے، جس میں صدر ٹرمپ کی دوسری تصویر استعمال کی گئی تھی۔
خصوصی یادگاری پاسپورٹ کا یہ ڈیزائن امریکہ کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے حوالے سے تیار کیا گیا ہے، جس میں امریکی تاریخ اور موجودہ سیاسی قیادت کو نمایاں کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔



