امریکہ، لبنان اور اسرائیل کے فریم ورک معاہدے پر دستخط، جنوبی لبنان اور غزہ میں حملے جاری، مزید 7 شہید
واشنگٹن، بیروت، غزہ (ویب ڈیسک) لبنان اور اسرائیل کے درمیان فریم ورک معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کی تقریب واشنگٹن میں منعقد ہوئی۔ معاہدے پر امریکہ، لبنان اور اسرائیل کے نمائندوں نے دستخط کیے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ لبنان اور اسرائیل ایک فریم ورک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں، جس سے امید ہے کہ لبنان میں امن کے قیام کی جانب مثبت پیش رفت ہوگی۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے عوام ایک محفوظ اور پرامن مستقبل میں زندگی گزار سکیں، اور یہی اس معاہدے کا بنیادی مقصد ہے۔
حزب اللہ کا معاہدے پر تحفظات کا اظہار
دوسری جانب لبنان میں حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ حسن فضل اللہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں ہونے والا اقدام اسلام آباد ٹریک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنانی حکام کے ہر اقدام کا مقابلہ کرے گی اور اپنے ہتھیاروں کو پہلے سے زیادہ مضبوط رکھے گی۔
اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے خلاف لبنان میں احتجاجی مظاہرے بھی شروع ہوگئے ہیں۔ بیروت سمیت مختلف شہروں میں مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کیے، جبکہ بعض مظاہرین نے حزب اللہ اور ایران کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔
لبنانی قیادت کا معاہدے کا خیر مقدم
لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے کہا ہے کہ فریم ورک معاہدے کا مقصد اسرائیلی افواج کا تمام لبنانی علاقوں سے انخلا، ریاستی خودمختاری کی بحالی اور بے گھر شہریوں کی واپسی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی مسلح افواج کے ذریعے ملک کے تمام علاقوں میں ریاستی عملداری قائم کرے۔
لبنانی وزیراعظم نے امریکہ، عرب ممالک اور عالمی دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس لمحے کے منتظر ہیں جب اسرائیلی افواج کا انخلا شروع ہوگا اور متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کا عمل آگے بڑھے گا۔
لبنان کے صدر جوزف عون نے بھی معاہدے کو ملکی خودمختاری کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ لبنان کے مکمل علاقے پر ریاستی اختیار بحال کرنے کی بنیاد فراہم کرے گا اور ملک کی آزادی، سلامتی اور قومی وقار کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
امریکہ: معاہدہ تنازعات کے خاتمے کی راہ ہموار کرے گا
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگٹ نے کہا کہ لبنان، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان طے پانے والا سہ فریقی معاہدہ خطے میں جاری تنازعات کے تسلسل کو ختم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت لبنان کی حکومت کی خودمختاری بحال کرنے اور اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
جنوبی لبنان اور غزہ میں اسرائیلی حملے جاری
فریم ورک معاہدے کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے فضائی اور زمینی حملے جاری رہے، جن میں مزید 7 افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق حزب اللہ سے تھا۔
دوسری جانب وسطی غزہ کے المغازی پناہ گزین کیمپ کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں 3 فلسطینی پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت داخلہ کے مطابق حملے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ شہید اہلکاروں میں کیپٹن منصور سمی شحتوت، کیپٹن محمد خالد نوفل اور فرسٹ سارجنٹ مہدی نادر جبر شامل ہیں۔
وزارت داخلہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا مقصد غزہ میں بدامنی پھیلانا ہے۔
حماس کا جنگ بندی کے اگلے مرحلے پر مشاورت جاری رکھنے کا اعلان
حماس نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کے لیے فلسطینی دھڑوں اور ثالث ممالک کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔
حماس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملے اور انسانی امداد پر پابندیاں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں ہیں۔
اسماعیل ہنیہ کے خاندان کا ایک اور فرد جاں بحق
دریں اثنا حماس کے شہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کے خاندان کے ایک اور نوجوان کے اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں فضائی حملے کے دوران حماس کے عسکری ونگ کے اہم کمانڈر ولید ہنیہ کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ولید ہنیہ حماس کی نخبا فورس کے ایک یونٹ کے نائب کمانڈر تھے اور 7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں شریک جنگجوؤں کی قیادت کرتے رہے۔
حماس کی جانب سے فوری طور پر اسرائیلی دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔



