پاکستانتازہ ترین

کراچی حملہ: شہید رینجرز اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، ذمہ داروں سے بدلہ لینے کا اعلان

کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی (ویب ڈیسک)کراچی میں دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے 3 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ شہدا نے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بناتے ہوئے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی پاکستان رینجرز (سندھ)، شہدا کے اہلخانہ، اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ شرکا نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، حملے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد جہاں بھی چھپے ہوں، سکیورٹی فورسز ان کا تعاقب جاری رکھیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سندھ حکومت سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

نماز جنازہ کے بعد شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

بعد ازاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ حملے کی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 27 جون کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر دہشتگرد حملہ کیا گیا تھا۔ رینجرز کے جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جو افغان شہری ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے 3 جوان شہید جبکہ 4 زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق حملہ آوروں نے مرکزی گیٹ پر دھماکے کے بعد حفاظتی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم رینجرز کے چوکس جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔ علاقے میں مزید دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گا اور شہدا کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید رینجرز اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں قوم کے عزم اور حوصلے کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی شہید رینجرز جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

دریں اثنا سندھ اسمبلی میں شہید رینجرز اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔


Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button