پاکستانتازہ ترین

شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کریں گے: شہباز شریف

کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔

کراچی میں دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے 3 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی پاکستان رینجرز (سندھ)، شہدا کے اہلخانہ، اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت بڑی تعداد میں شخصیات نے شرکت کی۔

شرکا نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو سلام پیش کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، حملے میں ملوث عناصر کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر چاہے جہاں بھی ہوں، سکیورٹی فورسز ان کا تعاقب کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سندھ حکومت سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

نماز جنازہ کے بعد شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

کراچی رینجرز کیمپ پر دہشتگرد حملہ

آئی ایس پی آر کے مطابق 27 جون کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا۔ حملہ آوروں نے مرکزی گیٹ پر دھماکے کے بعد حفاظتی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم رینجرز کے چوکس جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے 3 بہادر جوان شہید جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں کی جائیں گی۔

فورسز دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی: عاصم منیر

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید رینجرز اہلکاروں کے اہلخانہ سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پوری قوم کے عزم اور حوصلے کی علامت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی اور شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی شہید رینجرز جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

دریں اثنا سندھ اسمبلی میں دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے رینجرز جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button