آزاد کشمیر انتخابات: پی ٹی آئی کا 33 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان
پارلیمانی بورڈ نے 31 حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی، دو حلقوں کے امیدواروں کا فیصلہ تاحال مؤخر: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) تحریک انصاف آزاد کشمیر نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لئے 33 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات میں روایتی الیکٹیبلز کے بجائے نوجوان اور نظریاتی کارکنوں کو میدان میں اتارا جائے گا۔
صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات چیئرمین بیرسٹر گوہر کو ارسال کر دی ہیں۔پارلیمانی بورڈ نے طویل مشاورت کے بعد 31 حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی جبکہ دو حلقوں، لچھراٹ اور میرپور سٹی کے امیدواروں کا فیصلہ تاحال مؤخر رکھا گیا ہے۔
پارٹی کے مطابق سردار عبد القیوم نیازی ایل اے-18 عباسپور سے انتخاب لڑیں گے جبکہ خواجہ فاروق احمد مظفرآباد سٹی، میر عتیق الرحمن کٹلہ، ذیشان حیدر چکار، عنصر پیرزادہ لیپہ، چوہدری غلام ربانی ڈڈیال، چوہدری ظفر انور چکسواری، چوہدری حمید پوٹھی کھڑی شریف، چوہدری آصف بھمبر سٹی اور طیب افتخار حسین برنالہ سے امیدوار ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے لئے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی جانب سے 33 نشستوں پر امیدواروں کی سفارشات موصول ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن امیدواروں کو ٹکٹ نہیں ملا یا جو فیصلے پر اعتراض رکھتے ہیں، وہ 29 جون 2026 شام 4 بجے تک پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں اپیل جمع کرا سکتے ہیں۔چیئرمین نے کہا تمام اپیلیں پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے اپیلٹ بورڈ کے سامنے پیش کی جائیں گی جبکہ انتخابات 2026 کے لئے پارٹی امیدواروں کی حتمی فہرست 2 جولائی کو جاری کی جائے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لئے انتخابی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے بھرپور مہم کے آغاز کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔



