پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
ریاض (ویب ڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب نے سکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس پیش رفت کو دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ مفاہمتی یادداشت وزیر داخلہ محسن نقوی کے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران ریاض میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف سے ملاقات کے موقع پر طے پائی۔
اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور اسی مقصد کے تحت مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے
سعودی وزیر داخلہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھیں گے۔
محسن نقوی کا سکیورٹی آپریشنز سینٹر 911 کا دورہ
دورۂ سعودی عرب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریاض ریجن کے متحدہ سکیورٹی آپریشنز سینٹر 911 کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں جدید سکیورٹی، ایمرجنسی رسپانس اور آپریشنل نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔



