لاہور:(بیوروچیف)لاہور کے علاقے چوہنگ میں داماد نے سسرالیوں پر فائرنگ کرکے اپنی بیوی سمیت 4افراد کو قتل کردیا، بعد ازاں ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کابھی خاتمہ کر لیا ۔بتایا گیا ہے کہ عمران شوکت کی چھ ماہ قبل سمعیہ بی بی سے شادی ہوئی تھی اور مبینہ گھریلو جھگڑے کی وجہ سے اس کی اہلیہ اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی ۔
گزشتہ روز عمران شوکت اپنی بیوی سمیعہ بی بی کو اپنے ساتھ لے جانے کے لئے آیا اور نوبت جھگڑے پرپہنچنے کے بعد ملزم نے فائرنگ کرکے بیوی سمیعہ بی بی کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق مزاحمت پر ملزم نے سسر علی خان، برادر نسبتی 21سالہ سالہ ذیشان اور ساس شمائلہ بی بی کو بھی فائرنگ کرکے قتل کر دیا، بعد ازاں اپنے سر میں بھی فائر مار کر خودکشی کرلی۔
بتایاگیا ہے کہ سمیعہ کو ساتھ نہ چلنے پر سر میں گولی مار دی، اس کے بعد ملزم نے سسر علی خان کو سینے میں، ساس شمائلہ اور برادر نسبتی ذیشان کو کمر میں فائر مار ڈالا، بعدازاں ملزم عمران شوکت نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔
ذرائع کے مطابق عمران شوکت اور سمعیہ ایک دفتر میں اکٹھے کام کرتے تھے، عمران شوکت نے سمعیہ سے پسند کی شادی کی تھی، یہ عمران کی دوسری شادی تھی، پہلی بیوی سے عمران کے 3بچے ہیں۔
ملزم کی بیوی سمعیہ میکے ہی رہتی تھی، دونوں خاندانوں نے ایک دوسرے پر کیس کیا ہوا تھا، پہلے بھی لڑائی جھگڑا ہو چکا تھا۔اطلاع ملتے ہی پولیس ،فرانزک ٹیم اور رریسکیو 1122اور ایدھی فائونڈیشن کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے ۔
پولیس اور فرانزک ٹیم کی کارروائی کے بعد لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔مقتولہ سمعیہ کے چچازاد فیصل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقتول ذیشان اپنے گھر بچوں کو قرآن پڑھاتا تھا، قاتل عمران کے بچے بھی قرآن پڑھنے آتے تھے۔فیصل کے مطابق ملزم نے چھ ماہ قبل مقتولہ سمعیہ کو اغواء کرکے زبردستی نکاح کرلیا تھا، ملزم کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج تھا جس پر وہ ایک ماہ جیل میں بھی رہا۔
فیصل نے بتایا کہ ملزم مقتولہ کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا اور قتل کی دھمکیاں بھی دے رہا تھا، کل بھی ملزم کی طرف سے سب کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
دریں اثنا لاہور کے علاقے چوہنگ میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم نے میری بہن، والد، والدہ اور بھائی کو قتل کیا، ملزم نے اپنے والد، بھائیوں کی ایما پر یہ قتل کیے۔
مقتولہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ہم نے تھانا سندر میں بہن کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔



