پاکستانتازہ ترین

ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں: وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں، ٹیکس وصولیوں میں شفافیت، ڈیجیٹل اصلاحات اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم سے ایف بی آر کے سینئر افسران نے ملاقات کی، جس میں گزشتہ مالی سال کی کارکردگی اور رواں مالی سال کے محصولات کے اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

12.957 کھرب روپے کا ریونیو ہدف عبور کرنے پر مبارکباد

وزیراعظم نے گزشتہ مالی سال میں 12.957 کھرب روپے کے محصولات کا ہدف عبور کرنے پر ایف بی آر کے افسران اور عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے تاریخی ریونیو ہدف حاصل کرنا ایک اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران تقریباً 600 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز بروقت ادا کیے گئے، جس سے کاروباری برادری کو سہولت ملی اور برآمدات کے فروغ میں بھی مدد حاصل ہوئی۔

15 کھرب روپے سے زائد ریونیو ہدف حاصل کرنے کی ہدایت

شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز اور افسران اسی جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے رواں مالی سال میں 15 کھرب روپے سے زائد محصولات کا ہدف حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان، کاروباری اور صنعتی برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا بھی ایف بی آر کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

کرپشن پر زیرو ٹالرنس

وزیراعظم نے واضح کیا کہ "ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں۔”

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران ایف بی آر میں اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن اور ٹیم ورک کی بدولت ریکارڈ ٹیکس وصولیاں ممکن ہوئیں، جبکہ ادارے میں اچھی شہرت کے حامل افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا۔

ڈیجیٹل اور فیس لیس ٹیکس نظام متعارف کرایا جائے گا

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کا نیا آپریٹنگ ماڈل جدید ڈیجیٹل اور کم سے کم انسانی مداخلت پر مبنی فیس لیس ٹیکس نظام ہوگا، جس سے شفافیت میں اضافہ اور بدعنوانی کا خاتمہ ممکن بنایا جائے گا۔

انہوں نے ٹیکس نیٹ میں توسیع، شفافیت بڑھانے اور ٹیکس دہندگان کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

معاشی ٹیم اور ایف بی آر افسران کی کارکردگی کو سراہا

وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل منصور اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال، امداد بوسال، معاشی ٹیم کے دیگر ارکان اور ایف بی آر افسران کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے کسٹمز اور ٹیکس افسران کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

عوامی خدمت کا ایجنڈا مزید تیز کرنے کی ہدایت

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام سے ملاقات کے دوران عوامی خدمت کے ایجنڈے کو مزید تیز کرنے اور عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں وزیراعظم سے مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل اور سابق رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھی ملاقات کی، جس میں سیاسی امور پر گفتگو کی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button