انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

اینڈی برنہم برطانیہ کے 59ویں وزیراعظم بن گئے، شاہ چارلس نے حکومت بنانے کی دعوت دے دی

لندن، اسلام آباد (ویب ڈیسک): برطانیہ میں سیاسی قیادت کی ایک اہم تبدیلی کے بعد لیبر پارٹی کے رہنما اینڈی برنہم نے باضابطہ طور پر ملک کے 59ویں وزیراعظم کا عہدہ سنبھال لیا۔ شاہ چارلس سوم نے بکنگھم پیلس میں ملاقات کے بعد انہیں نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی، جس کے ساتھ ہی اقتدار کی آئینی منتقلی کا عمل مکمل ہوگیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 56 سالہ اینڈی برنہم گزشتہ ہفتے لیبر پارٹی کے بلا مقابلہ رہنما منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنا استعفیٰ شاہ چارلس سوم کو پیش کیا۔

برطانوی آئینی روایت کے مطابق اگر حکمران جماعت اپنا قائد تبدیل کر لے اور پارلیمنٹ میں اکثریت برقرار ہو تو عام انتخابات کے بغیر بھی نیا رہنما وزیراعظم بن سکتا ہے۔ لیبر پارٹی کو پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل ہونے کے باعث اینڈی برنہم نے براہ راست وزیراعظم کا منصب سنبھالا۔

پیر کی صبح کیئر اسٹارمر نے ڈاؤننگ اسٹریٹ سے اپنی الوداعی تقریر میں اقتصادی ترقی اور خالص امیگریشن میں کمی کو اپنی حکومت کی اہم کامیابیاں قرار دیا۔ انہوں نے اینڈی برنہم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نئے وزیراعظم کی بھرپور حمایت حاصل ہوگی۔

بعد ازاں اینڈی برنہم نے بکنگھم پیلس میں شاہ چارلس سوم سے ملاقات کی، جہاں انہیں باضابطہ طور پر نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی گئی۔ اس کے بعد وہ ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچے اور وزیراعظم کی حیثیت سے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں ملکی معیشت، عوامی خدمات، قومی اتحاد اور مستقبل کے حکومتی اہداف پر روشنی ڈالی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اینڈی برنہم کو برطانیہ کا نیا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی علامت ہیں اور مستقبل میں تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button