اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان اور کینیڈا نے تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی، زراعت اور ترقیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے اہم زرعی پروٹوکول پر دستخط کر دیے، جبکہ کینیڈا نے پاکستان میں سکیورٹی اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 4 کروڑ 70 لاکھ کینیڈین ڈالر سے زائد کی معاونت کا اعلان کیا ہے۔
یہ پیش رفت اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، علاقائی سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوطرفہ تعلقات کو ادارہ جاتی بنیادوں پر مضبوط بنانے کا فیصلہ
دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیے پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے سالانہ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تاریخی، عوامی اور سفارتی تعلقات انتہائی مضبوط ہیں، جبکہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کینیڈین سرمایہ کاروں کو تعلیم، توانائی، کان کنی، معدنیات، زراعت، بنیادی ڈھانچے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کا مؤقف
اسحاق ڈار نے مسئلہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ایک دیرینہ تنازع قرار دیتے ہوئے اس کے منصفانہ حل پر زور دیا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے لیے بھی کینیڈا کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیا۔
20 برس بعد کینیڈین وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ تقریباً دو دہائیوں بعد کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، کینیڈا کی عالمی تجارتی تنوع کی حکمت عملی میں اہم حیثیت رکھتا ہے جبکہ کینیڈا میں مقیم تین لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد شہری دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کا حل تلاش کریں۔
FIPA جلد مکمل کرنے پر اتفاق
انیتا آنند نے بتایا کہ دونوں حکومتوں نے Foreign Investment Promotion and Protection Agreement (FIPA) کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ فصلی سال کے دوران پاکستان نے کینیڈا سے 4 لاکھ 70 ہزار ٹن سے زائد کینولا درآمد کیا، جبکہ کینیڈا مستقبل میں پاکستان سے چاول، ٹیکسٹائل اور کھیلوں کے سامان کی درآمد میں بھی اضافہ چاہتا ہے۔
اہم زرعی پروٹوکول پر دستخط
وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان جینیاتی طور پر تبدیل شدہ (GM) کینولا کی درآمد سے متعلق اہم زرعی پروٹوکول پر دستخط کیے گئے۔
اس پروٹوکول کے تحت کینیڈین کینولا کی درآمد کے لیے فائٹو سینیٹری تقاضے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ یہ معاہدہ خوراک، جانوروں کی خوراک اور صنعتی پراسیسنگ کے لیے کینولا کی درآمد کا احاطہ کرتا ہے۔ دونوں ممالک نے زراعت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
محسن نقوی اور انیتا آنند کی ملاقات
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور کینیڈین وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، سائبر کرائم کے خاتمے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت اور مشترکہ ایکسچینج پروگرامز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دونوں ممالک نے سکیورٹی تعاون کو مزید فعال بنانے کے لیے جلد مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کرنے پر اتفاق بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا کی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے دوستانہ تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ویکسین سازی، قابل تجدید توانائی، آٹو موبائل اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف سے ملاقات، دفاعی تعاون پر گفتگو
کینیڈا کی وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون اور دفاعی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا، جبکہ انیتا آنند نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور امن کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔



