پاکستانتازہ ترین

مریم نواز کا منفرد ویژنری اقدام، پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کا آغاز

لاہور (سلمان حسین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے میں ایک اہم اور منفرد اقدام کرتے ہوئے پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس پروگرام کے تحت پاکستانی نژاد اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹرز اور سرجنز پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت علاج فراہم کریں گے، جبکہ مقامی ڈاکٹروں اور طبی عملے کو جدید طبی مہارتوں کی تربیت بھی دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شروع کیے گئے پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کا مقصد سرکاری ہسپتالوں میں عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا، جدید علاج تک عوام کی رسائی آسان بنانا اور مقامی طبی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

پروگرام کے تحت دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی نژاد اور غیر ملکی سپیشلسٹ ڈاکٹرز مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ اس دوران وہ پیچیدہ بیماریوں کے مریضوں کا مفت علاج کرنے کے ساتھ ساتھ جدید سرجیکل تکنیک، تشخیص اور علاج کے طریقہ کار سے مقامی ڈاکٹرز کو بھی آگاہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کے عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ ہر شہری کو معیاری اور بروقت علاج میسر آ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی کو دور کرنے کے لیے پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام ایک مؤثر اقدام ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف مریضوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ مقامی ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ تربیت اور مہارت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

ماہرین کے مطابق اس پروگرام سے جدید طبی ٹیکنالوجی، عالمی تجربات اور بین الاقوامی معیار کے علاج کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں تک لانے میں مدد ملے گی، جس سے صوبے کے صحت کے شعبے میں مثبت تبدیلی کی توقع کی جا رہی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button