امریکہ:شدید گرمی،متعدد پاور پلانٹ بند،بلیک آئوٹ کا انتباہ
تکنیکی خرابی کے باعث گرڈ کا ریزرو مارجن خطرناک سطح تک کم ، 14 وسطی ریاستوں میں بجلی کی بندش کاامکان

واشنگٹن:(ویب ڈیسک)امریکا کی 14 وسطی ریاستوں کے لیے بجلی فراہم کرنے والے علاقائی گرڈ آپریٹر نے شدید گرمی کی لہر اور بجلی کی ریکارڈ طلب کے باعث خبردار کیا ہے کہ خطے میں بجلی کی فراہمی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے اور کسی بھی وقت رولنگ بلیک آؤٹ (وقفے وقفے سے بجلی کی بندش) کے آرڈر دیے جا سکتے ہیں۔

نارتھ ڈکوٹا سے لے کر لوویزیانا تک پھیلے ہوئے وسیع علاقے میں شدید گرمی کی لہر کے دوران متعدد پاور پلانٹس غیر متوقع طور پر بند ہو گئے۔ اس اچانک تکنیکی خرابی کے باعث گرڈ کا ریزرو مارجن انتہائی خطرناک سطح تک کم ہو گیا۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے گرڈ آپریٹر ساؤتھ ویسٹ پاور پول نے لیول 3 انرجی الرٹ جاری کیا، اس الرٹ کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ گرڈ آپریٹر کو بجلی کی شدید ترین طلب کو پورا کرنے کے لیے اپنے تمام آپریشنل ریزرو کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔
ساؤتھ ویسٹ پاور پول حکام کے مطابق الرٹ جاری کرنے کے بعد چند گھنٹوں میں خطرے کی سطح میں کچھ کمی آئی ہے اور فی الحال کسی علاقے میں بجلی کی جبری بندش نہیں کی گئی، تاہم اگر طلب میں مزید اضافہ ہوا یا نظام پر دباؤ بڑھا تو پورے نیٹ ورک کو بیٹھنے سے بچانے کے لیے کنٹرولڈ بلیک آؤٹ کا سہارا لیا جا سکتا ہے۔
گرڈ آپریٹرز کا کہنا ہے کہ انتہائی نایاب صورتحال میں جب پورا پاور سسٹم خطرے میں ہو، تو بڑے پیمانے پر سسٹم کی تباہی کو روکنے کے لیے مخصوص علاقوں کی بجلی عارضی طور پر کاٹنا پڑتی ہے۔



