پاکستانتازہ ترین

سندھ کابینہ کے بڑے فیصلے: سرکاری ملازمین کے سفری و تفریحی الاؤنس میں اضافہ، 4 ٹاسک فورسز کے قیام کی منظوری

کراچی(ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں عوامی فلاح، حکمرانی، تعلیم، صحت، معیشت اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کے لیے سفری اور تفریحی الاؤنسز میں اضافہ، ہیلتھ انشورنس اسکیم میں توسیع، چار اسٹریٹجک ٹاسک فورسز کے قیام، تعلیمی اصلاحات اور غذائی تحفظ سے متعلق اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ 22 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

سرکاری ملازمین کے الاؤنسز میں اضافہ

کابینہ نے سرکاری ملازمین کے لیے ریلیف پیکیج کی منظوری دیتے ہوئے یکم جولائی 2026 سے سفری الاؤنس (Travel Allowance) اور تفریحی الاؤنس (Recreational Allowance) میں اضافے کی منظوری دی۔

وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔

چار نئی ٹاسک فورسز قائم کرنے کا فیصلہ

سندھ کابینہ نے درج ذیل شعبوں میں چار اسٹریٹجک ٹاسک فورسز کے قیام کی منظوری دی:

  • معیشت، مالیات اور صنعت
  • آبی وسائل
  • موسمیاتی تبدیلی
  • مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل تبدیلی اور ورچوئل اثاثہ جات

حکومت کا کہنا ہے کہ ان ٹاسک فورسز کا مقصد پالیسی سازی کو مؤثر بنانا اور جدید تقاضوں کے مطابق ترقیاتی حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔

گندم کے ذخائر اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خوراک کو ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ:

  • سندھ میں رواں سیزن 47 لاکھ میٹرک ٹن گندم پیدا ہوئی۔
  • سالانہ ضرورت 65 لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن ہے۔
  • صوبے کو 16 لاکھ 90 ہزار میٹرک ٹن گندم کی کمی کا سامنا ہے۔
  • اب تک 2 لاکھ 25 ہزار 135 میٹرک ٹن غیر قانونی ذخیرہ شدہ گندم ضبط کی جا چکی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر وفاق درآمدی گندم منگواتا ہے تو سندھ حکومت 5 لاکھ ٹن گندم خریدے گی تاکہ آٹے کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ہیلتھ انشورنس اور صحت کے شعبے کے فیصلے

کابینہ نے سرکاری ملازمین کے لیے اسٹیٹ لائف ہیلتھ انشورنس اسکیم میں مزید 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دی۔

اس کے علاوہ:

  • شکارپور کے آر بی یو ٹی اسپتال کو تدریسی اسپتال قرار دیا گیا۔
  • اسپتال مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔
  • ڈاکٹر محمد صابر کی بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ایم بی بی آئی ٹی مدتِ ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی۔

گٹکا، ماوا اور مین پوری پر مزید سخت قانون

کابینہ نے سندھ کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز (ترمیمی) بل 2026 کی منظوری دی، جس کے تحت گٹکا، ماوا اور مین پوری کو "محدود اشیا” قرار دیا گیا ہے۔

قانون کے مطابق مقدار کے لحاظ سے سزا مقرر کی گئی ہے، جس میں قید اور جرمانے دونوں شامل ہیں۔

تعلیم اور اینٹی کرپشن اصلاحات

سندھ کابینہ نے:

  • سندھ بی آئی ایس ای اصلاحاتی پیکیج 2026 کی اصولی منظوری دی۔
  • تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کی عمر کی حد 55 سے بڑھا کر 63 سال کر دی۔
  • اینٹی کرپشن قوانین میں ترامیم کی منظوری بھی دی تاکہ بدعنوانی کے مقدمات کے لیے واضح قانونی طریقہ کار وضع کیا جا سکے۔

کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

کابینہ نے:

  • 14.23 ارب روپے کی لاگت سے ڈملوٹی سے ڈی ایچ اے کراچی تک 36 کلومیٹر پانی کی پائپ لائن منصوبے کی منظوری دی۔
  • ناردرن بائی پاس پر جدید لاجسٹک پارک / ٹرک ٹرمینل کے قیام کی اصولی منظوری دی۔
  • عمرکوٹ میں کنری مرچ منڈی منصوبے کے لیے 22 ایکڑ زمین منتقل کرنے کی منظوری بھی دی۔

چین کے ساتھ اقتصادی تعاون میں توسیع

کابینہ نے سندھ اور چین کے صوبہ ہونان کے درمیان سسٹر صوبہ تعلقات قائم کرنے کی منظوری دی اور اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے مفاہمت کی یادداشت (MoU) کو حتمی شکل دینے کا اختیار محکمہ سرمایہ کاری کو دے دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button