اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کو ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ حرمین شریفین کے سائے تلے ہونے والا یہ معاہدہ آنے والی نسلوں کے لیے امن کی ڈھال ثابت ہو۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کرنے کا شرف حاصل ہوا۔
تینوں ممالک امن و سلامتی کے مشترکہ عزم میں بندھے ہیں: وزیراعظم
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ تین برادر ممالک ہیں جو ایمان، دوستی اور امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ حرمین شریفین کے سائے تلے طے پانے والا یہ تاریخی معاہدہ آنے والی نسلوں کے لیے امن اور استحکام کی ڈھال ثابت ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف تینوں برادر ممالک بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ترقی، خوشحالی، خیر اور برکت کا ذریعہ بنے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا
وزیراعظم شہباز شریف نے دفاعی معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تہہ دل سے مشکور ہیں، جن کی انتھک کاوشوں، غیر معمولی لگن اور عزم نے اس عظیم مقصد کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یہ تعاون مستقبل میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔



