پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریںکاروبار
حکومت، گڈز ٹرانسپورٹرز مذاکرات کامیاب، کتنے روز کیلئے ہڑتال موخر؟
وعدے پورے نہ ہوئے تو دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے: ملک شہزاد،جو مسائل فوری حل کئے جاسکتے تھے، حل کردیئے: نہال ہاشمی، علیم خان،مرتضیٰ وہاب

کراچی: (ویب ڈیسک) حکومت اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے درمیان گورنر ہاؤس کراچی میں مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لئے مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ہڑتال ختم نہیں کی گئی بلکہ حکومتی یقین دہانیوں پر مؤخر کی گئی ہے، وعدوں پر عمل نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ احتجاج کیا جاسکتا ہے۔
مذاکرات میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد ملک شہزاد و دیگر حکام نے شرکت کی۔
مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد ملک شہزاد نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال 9 روز سے جاری تھی، تاہم حکومتی یقین دہانیوں کے بعد اسے 40 روز کے لئے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا حکومت سندھ نے پارکنگ کے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر نظرثانی کے لئے حکومت نے 15 روز کا وقت لیا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے ٹول ٹیکس میں کمی اور اس حوالے سے نظرثانی کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ملک شہزاد نے کہا حکومت نے 10 وہیلر گاڑیوں کو مناسب وزن کی اجازت دینے کی یقین دہانی کرائی ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بعض مسائل حل کردیئے ہیں جبکہ دیگر معاملات کابینہ کی منظوری سے متعلق ہیں، ان مسائل کے حل کے لئے کمیٹیوں کے اجلاس جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا ٹرانسپورٹرز حکومت کی یقین دہانیوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں، اگر وعدے پورے نہ ہوئے تو دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد روڈ کسی بھی طرح موٹر وے کہلانے کے لائق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹر وے کا کام رواں سال شروع کیا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے جو مسائل فوری طور پر حل کئے جاسکتے تھے، انہیں حل کردیا گیا ہے جبکہ بعض مطالبات کے لئے رسمی کارروائی مکمل کرنا ضروری ہے جس کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا خطے کی موجودہ صورتحال غیر معمولی ہے اور جنگ کے معاشی اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر پر پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز نے ایک دوسرے کا مؤقف سنا اور دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ ملک کے مفاد کے لئے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومت نے پورا دن معاملات حل کرنے کی کوشش کی ، سندھ حکومت سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔



