
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اہم اجلاس آج ہوں گے۔ دونوں ایوانوں کے اجلاسوں میں اہم قانون سازی ، مکہ امن معاہدے پر متفقہ قرارداد پیش ہوگی جبکہ نئے صوبوں کے قیام پر تفصیلی بحث ہوگی ، 17قوانین منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق طویل وقفے کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اہم اجلاس طلب کرلئے گئے۔ سینیٹ اجلاس کا 69نکاتی ایجنڈا جاری ہوگیا جس کے مطابق 10قوانین سینیٹ میں منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق الیکشن ایکٹ میں ترمیمی بل کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ اینٹی ریپ تحقیقات و مقدمہ ترمیمی بل 2026، درآمدات و برآمدات کنٹرول ترمیمی بل 2026 کی منظوری بھی لی جائے گی۔
سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی ترمیمی بل ،سول سرونٹس ترمیمی بل اور سروس ٹربیونلز ترمیمی بل سے متعلق قوانین کی منظوری کو بھی ایجنڈا کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ امیگریشن ایکٹ ترمیمی بل 2026 ،زنا کے جرم اور حدود کے نفاذ سے متعلق ترمیمی بل اور پاکستان پاسپورٹ ترمیمی بل ،سی آر پی سی ترمیمی بل کی منظوری کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں ڈسپوزیبل سرنجز کے استعمال کو ریگولیٹ کرنے،آئین کے آرٹیکل 140 اے میں ترمیم کا بل بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔دو بلز مشترکہ اجلاس میں بھجوانے، امام مساجد اور خطیبوں کی تربیت،داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے متاثرین کی بحالی سے متعلق قرارداد بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد بھی پیش ہوگی۔زچگی کے دوران خواتین کی اموات میں اضافے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ بے ضابطگیوں،متوقع سیلاب سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کی تیاریوں،تجارتی خسارے میں اضافے اور اس کے تدارک کے اقدامات پر بحث ہوگی۔
اجلاس ممبران کی نجی کارروائی کا ہوگا، 7 قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش ہوں گی۔ دوسری جانب قومی اسمبلی اجلاس کا 42نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی میں 7 قوانین منظوری کے لئے پیش ہوں گے،4نئے قوانین متعارف کروائے جائیں گے۔ قومی اسمبلی سے اوگرا ترمیمی بل 2026، وفاقی حکومت رئیل اسٹیٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے قیام کے قوانین کی منظوری لی جائے گی،
ٹریول ایجنسیز ترمیمی بل، پاکستان ٹورسٹ گائیڈز ترمیمی بل، پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹ بل ، موشن پکچر ترمیمی بل کی منظوری بھی قومی اسمبلی ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ ای او آئی بی ترمیمی بل 2026 ، گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ (سیس)ترمیمی بل، قدرتی گیس ڈویلپمنٹ سرچارجز ترمیمی بل 2026 اورمحکمہ موسمیات ترمیمی بل2026 نئے قوانین متعارف کروائے جائیں گے۔



