پاکستانتازہ ترین

ن لیگ کا اہم اجلاس، وزیراعظم آزاد کشمیر کے نام کا فیصلہ، مخصوص نشستوں پر 24 اگست کو پولنگ

اسلام آباد، مری، مظفرآباد (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے اہم اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کی نامزدگی سمیت آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے حوالے سے اہم فیصلے کر لیے گئے۔

مری گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزدگی اور مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے بعد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف لاہور روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزدگی کا فیصلہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزدگی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مختلف نشستوں کے لیے امیدواروں کے حوالے سے بھی اجلاس میں مشاورت مکمل کی گئی۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کی مختلف نشستوں کے لیے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواروں کا باضابطہ اعلان آج نواز شریف خود کریں گے۔

خواتین کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے انٹرویو مکمل

ذرائع کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویو بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے سحرش قمر، نثارہ عباسی، مریم ادریس، مسز راجہ عابد، مریم کشمیری، ناصرہ سدوزئی اور ماریہ ترانہ کے نام زیر غور ہیں۔

اوورسیز نشست کے لیے بھی امیدوار کا فیصلہ

مسلم لیگ (ن) نے اوورسیز کی مخصوص نشست کے لیے بھی امیدوار کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) برطانیہ چیپٹر کے صدر عبدالرحمان آرائیں مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

اوورسیز نشست کے لیے سعودی عرب سے حاجی احسان دانش جبکہ امریکا سے مرزا تنویر جرال اور جاوید اقبال کے نام بھی زیر غور رہے۔

علماء و مشائخ اور ٹیکنوکریٹ نشست

ذرائع کے مطابق علماء و مشائخ کی مخصوص نشست کے لیے پیر مظہر کا نام زیر غور ہے۔

ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست پر بیرسٹر افتخار، شاداب سکندر اور محسن عزیز کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔

آزاد کشمیر میں مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو

دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی سات نشستوں پر انتخابات ہونا ابھی باقی ہیں۔ آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔

شیڈول کے مطابق مخصوص نشستوں کے لیے 20 اگست کو کاغذات نامزدگی جمع کروائے جائیں گے، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی اسی روز دوپہر 2 بجے ہوگی۔

کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 21 اور 22 اگست کو سنی جائیں گی، جبکہ مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو ہوگی۔

اہم انتخابی شیڈول

  • 20 اگست: کاغذات نامزدگی جمع اور جانچ پڑتال
  • 21 اور 22 اگست: اپیلوں کی سماعت
  • 24 اگست: مخصوص نشستوں پر پولنگ

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button