پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں
جماعت اسلامی کے دھرنے جاری،پی ٹی آئی اسیررہنمائوں کی بھی حمایت

لاہور:(بیوروچیف) پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کے دھرنے دوسرے روز بھی جاری ہیں، حافظ نعیم الرحمان نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس جبکہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنوں میں کارکنان دوسرے روز بھی موجود ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم نے آج لاہور میں دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھرنے پرامن طریقے سے جاری رہیں گے، شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ ان دھرنوں میں آئیں اور بتائیں کہ یہ لیوی بھتہ قبول نہیں ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی 25 کروڑ لوگوں کا مقدمہ لڑرہی ہے، جنگ کے دوران بہانہ بنا کر پٹرول کی قیمتیں بڑھائی گئیں، یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف کی وجہ سے قیمتیں بڑھائیں، حکمران آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرول 225 روپے فی لیٹر کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بریفنگ کے لیے کمیٹی بنائی ہے، ہم کمیٹی کو دعوت دیتے ہیں وہ لاہور میں آئیں ہم میزبانی کریں گے، یہ دھرنا کسی پارٹی یا کسی کی ذات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے ہے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک کارکن چیئرنگ کراس پر موجود رہیں گے۔ جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ اور پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کرنا ہے۔
جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق دھرنے میں مرحلہ وار پنجاب بھر سے کارکنوں کی شرکت کا سلسلہ جاری رہے گا اور صوبائی عہدیداران کو مختلف دنوں کے حساب سے ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ دھرنے کے مقام پر شرکا کے لیے خیمے بھی نصب کردیئے گئے ہیں، منتظمین کا کہنا ہے کہ آج دوپہر چار بجے کے بعد دھرنے میں شہریوں کی آمد میں اضافہ متوقع ہے۔
دھرنے کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔چیئرنگ کراس، فیصل چوک سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کردیا گیا ہے۔ صرف فیصل چوک ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ فیصل چوک سے ریگل چوک تک ٹریفک کو سروس روڈ پر منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے میں خواتین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، مہنگائی کا بوجھ عام آدمی کے کندھوں سے ہٹانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے کوٹ لکھپت جیل میں قید رہنماؤں نے مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور بجلی کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر دھرنوں کی حمایت کا اعلان کردیا۔
شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور سینیٹر اعجاز چوہدری نے اپنے مشترکہ بیان میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت سے بھی اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کی اس عوامی جدوجہد کی حمایت کا اعلان کرے۔

اسیر رہنماؤں نے کہا کہ ملک بھر کے نوجوان جماعت اسلامی کی اس مہم میں بھرپور حصہ لیں اور حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ پٹرولیم لیوی کا نظام ختم اور مہنگائی میں کمی کی جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔
مشترکہ بیان پر شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، سینیٹر اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کے نام درج ہیں۔



