پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

کوئٹہ:صوبائی وزیر معدنیات سے ٹریڈ یونین نمائندوں کی ملاقات ،اہم مطالبات پیش

 شہید کان کنوں کے لواحقین کیلئے صوبائی حکومت کی پانچ لاکھ کی امدادی رقم میں اضافہ کیا جائے: سلطان محمد خان، کان کنوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے :عبدالستار

کوئٹہ:( سٹاف رپورٹر)پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن اور آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے ایک وفد نے سلطان محمد خان کی قیادت میں صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی سے ملاقات کی، اس موقع پر چیف انسپکٹر مائنز محمد عاطف ہزارہ بھی موجود تھے ۔وفد میں عبدالستار، آصف شاہ، عجب خان، شاہنواز زہری، محمد اسد اور احمر خان سمیت دیگر ٹریڈ یونین نمائندے شامل تھے ۔
ملاقات کے دوران بلوچستان کی مائنز میں پیش آنے والے حالیہ اور گزشتہ حادثات، کان کنوں کی صحت و سلامتی، حفاظتی اقدامات، مائنز حادثات کے حوالے سے موجودہ قوانین، شہید کان کنوں کے لواحقین کو دی جانے والی حکومتی امداد اور معاوضے کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی اور محمد عاطف ہزارہ سے سلطان محمد خان ، عبدالستار، آصف شاہ، عجب خان، شاہ نواز زہری، محمد اسد اور احمر خان سمیت دیگر ٹریڈ یونین نمائندے ملاقات کر رہے ہیں
 ٹریڈ یونین نمائندوں کے وفد نے حکومتی حکام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ بلوچستان میں کان کن مسلسل خطرناک حالات میں کام کر رہے ہیں اور مائنز حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ کان کنوں کی صحت و سلامتی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد، جدید حفاظتی آلات کی فراہمی اور محفوظ کان کنی کیلئے موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلطان محمد خان نے مائنز حادثات میں شہید ہونے والے کان کنوں کے لواحقین کیلئے بلوچستان حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ روپے فی کس امداد کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی اور خاندان کی طویل مدتی ضروریات کے پیش نظر یہ رقم انتہائی کم ہے لہٰذاپاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن اور آل پاکستان لیبر فیڈریشن صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ مائننگ کے شعبے میں حادثات کے نتیجے میں شہید ہونے والے کانکنوں کے لواحقین کیلئے معاوضے کی رقم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
 مائنز میں حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، مائنز کا باقاعدگی سے معائنہ یقینی بنایا جائے، حفاظتی آلات اور تربیت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور حادثات کی روک تھام کیلئے موثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔
ٹریڈ یونین نمائندوں کے وفد نے اس بات پر زور دیا کہ معدنیات کے شعبے سے وابستہ مزدور ملکی معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لہٰذا ان کی جان و مال کا تحفظ حکومت، مائنز مالکان اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حادثات کے بعد صرف امداد دینا کافی نہیں بلکہ ایسے عملی اقدامات ضروری ہیں جن سے مستقبل میں مائنز حادثات کا سدباب کیا جا سکے۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button