لاہور ،کراچی(ویب ڈیسک ،کرائم رپورٹر) کراچی بلدیہ ٹاون آفریدی کالونی میں گھات لگائے نامعلوم ملزمان نے ن لیگ کے سابق یوسی چیئرمین کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
امان اﷲ آفریدی ٹرانسپورٹر تھے انہوں نے بلدیہ ٹاون میں وزیر اعظم شہباز شریف کی الیکشن مہم بھی چلائی تھی بعد ازاں ایم پی اے کا ٹکٹ نہ ملنے پر (ن) لیگ سے راہیں جدا کرلی تھیں، صبح نماز فجر کی ادائیگی کے لیے مسجد جاتے ہوئے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔
جنوبی وزیرستان میں برمل کے علاقے راغزائی میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ڈی پی او کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق وزیر گنگی خیل سے ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
فیصل آباد میں پراپرٹی ڈیلر گلفام باجوہ نے معمولی جھگڑے پر سکندر شفیق کو فائرنگ کر کے قتل کردیا، لطیف گارڈن بھاگیوال روڈ پر سکندرشفیق نے ریت بجری کی دکان بنا رکھی ہے۔
لاہور میں کوٹ لکھپت پولیس نے غیرت کے نام پر جوڑے کو قتل کرنے والے مرکزی ملز م تنویرکو گرفتار کر لیا ۔



