لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اقلیتوں کی آزادی، حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے افکار پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، ان کی عزت، تحفظ اور ترقی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے سرگرم تمام اقلیتی برادریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے: مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے اور یہاں تمام شہری اپنے اپنے عقائد کے مطابق محفوظ اور آزاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، ترقی اور فلاح و بہبود کا مکمل حق دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جبکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں معاشرے میں جائز مقام دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب میں پہلی بار مینارٹی کارڈ متعارف
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پنجاب کو اقلیتی برادری کے لیے مینارٹی کارڈ متعارف کرانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مینارٹی کارڈ کے ذریعے مستحق اقلیتی خاندانوں کو سہ ماہی بنیادوں پر 10 ہزار 500 روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو پہلا سکھ میرج ایکٹ 2024 منظور کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا، جس کے بعد آنند کارج کو قانونی حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے زیر التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
اقلیتوں کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں اقلیتی برادری کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار تک آسان رسائی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
ان کے مطابق رواں مالی سال اقلیتی برادری کے لیے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ اور مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی گوردواروں، گرجا گھروں اور مندروں کی تعمیر و بحالی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس جبکہ یوحنا آباد میں لائیو کورسز بھی شروع کیے گئے ہیں۔
بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر سرکاری سطح پر منائے جا رہے ہیں
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر اب سرکاری سطح پر بھرپور انداز میں منائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں اقلیتی کوٹہ سسٹم پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے اور حکومت اقلیتوں کے حقوق کی صرف محافظ ہی نہیں بلکہ انہیں ہر میدان میں ان کا جائز حصہ دینے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
محبت اور رواداری پنجاب کی پہچان بنے گی
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبہ تیزی سے ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں محبت اور رواداری لوگوں کی پہچان بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیں گے۔
کوٹ ادو حادثہ، مریم نواز کا اظہار افسوس
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کوٹ ادو میں موٹرسائیکل رکشہ نہر میں گرنے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نہر میں ڈوبنے والے دیگر افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
اہم نکات
- مریم نواز نے اقلیتوں کے تحفظ اور ترقی پر سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
- پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے مینارٹی کارڈ متعارف کرایا گیا۔
- مینارٹی کارڈ کے ذریعے سہ ماہی 10 ہزار 500 روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
- سکھ میرج ایکٹ 2024 اور ہندو میرج ایکٹ 2017 کی منظوری کا ذکر کیا گیا۔
- اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
- بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر سرکاری سطح پر منانے کا سلسلہ جاری ہے۔
- کوٹ ادو حادثے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اظہار افسوس کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی تلاش کا حکم دیا



