
لاہور، صوابی، گلگت (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں طوفان باد و باراں کے دوران آسمانی بجلی گرنے اور دیگر واقعات میں خاتون سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ ادھر لاہور میں رات گئے شدید آندھی سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا جبکہ موسم خوشگوار ہوگیا۔
صوابی میں اتوار کی شام گرج چمک کے ساتھ بارش برسی اور آندھی چلی، مختلف مقامات پر دیواریں گرنے سے کئی افراد زخمی ہو گئے، علاقہ ترلاندی میں ایک مکان پرآسمانی بجلی گرنے سے انویسٹی گیشن صوابی کا اہلکار نعیم خان موقع پر جاں بحق جبکہ اس کے دو بھائی طیب اور ظریف شدید زخمی ہو گئے۔
علاقہ باجا میں مکان کی دیوار گرنے سے 45سالہ خاتون موقع پر جاں بحق ہو گئی، موضع شیوہ میں دیوار گرنے سے ایک نوجوان، یارحسین میں بورڈ گرنے سے دو افراد، کالو خان میں سولرگرنے سے بچہ زخمی ہو گیا۔
ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔شریف آباد میں دیوار گرنے سے 28سالہ نوجوان عثمان ، توت کلے میں دکان کا شٹرگرنے سے 17سالہ اسامہ جاں بحق ہوگیا۔
دوسری جانب منصب پل کے قریب کمرے کی چھت گرنے سے بچے سمیت 4افراد اور گدر ساولڈھیر میں دیوارگرنے سے 10سالہ بچی حبیبہ شدید زخمی ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہاتھیان میں دیوارگرنے کے واقعے میں 45سالہ شفیق زخمی ہوا، ریسکیو 1122 کی جانب سے زخمیوںکو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، متاثرہ افراد کو ایم ایم سی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اورگلگت میں بڑے پیمانے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے گلیشیل لیک آئوٹ برسٹ فلڈ ( گلوف) اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گلگت بلتستان میں گلوف اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے اور ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ مزید بتایا گیا کہ یہ موسمی نظام آج سے پورے خیبرپختونخوا میں شروع ہونے کی پیشگوئی ہے اور کل تک گلگت بلتستان تک پھیلے گا، اس عرصے کے دوران، بڑے پیمانے پر بارش اور آندھی گرج چمک کے ساتھ متوقع ہے اور پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔



