CCDان ایکشن ، لاہور میں4مبینہ مقابلے، 6ملزم ہلاک
نشتر کالونی، گرین ٹائون، ہربنس پورہ میں اور رنگ روڈ کے قریب کارروائیاں
لاہور ( بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) سی سی ڈی ان ایکشن ،4مختلف مبینہ مقابلوں میں 6ملزم ہلاک، جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔
پولیس نے مرنے والے ڈاکوئوں کی لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی۔ ترجمان کے مطابق سی سی ڈی ریکارڈ یافتہ زیر حراست ڈاکو اسد علی کو نشاندہی کیلئے گرین ٹائون لائی جہاں تاک لگائے اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اسد علی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جبکہ حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس نے زخمی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ دوسرا مبینہ مقابلہ نشتر کالونی کی حدود میں ہوا جہاں سی سی ڈی ماڈل ٹائون کی ٹیم اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے موجود تھی اس دوران اہلکاروں نے چار موٹر سائیکل سوار ملزمان کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے رکنے کی بجائے فائرنگ کر دی اور مبینہ فائرنگ کے تبادلہ میں دو ملزمان ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ملزمان کی شناخت ولی داد اور محسن کے نام سے ہوئی جو چوری، ڈکیتی، راہزنی، پولیس مقابلہ، قتل اور اقدام قتل کے اقدامات میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ سی سی ڈی سول لائنز نے رنگ روڈ کے قریب کارروائی کی جہاں پولیس پارٹی کو دیکھتے ملزمان نے فائرنگ کر دی اور کراس فائرنگ میں دو ملزم مارے گئے دو فرار ہوگئے۔
ہلاک ملزمان کی شناخت قیصر عرف ڈی سی اور رضا کے نام سے ہوئی جبکہ ریلوے پھاٹک ہربنس پورہ کے قریب سی سی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ملزم انس زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس ہلاک ملزمان کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی۔



