بلیو اکانومی پروگرام :مریم نواز کا بنجر زمینوں کو آباد، معاشی زونز میں تبدیل کرنیکا عزم
سرگودھا اسٹیٹ، علی والا اور شاہ گڑھ میں شرمپ فارمنگ منصوبوں کے انفراسٹرکچر کی تیاری پر ٹیم کو شاباش، شہید لیڈی کانسٹیبل ملک ناز بلوچ کو خراج عقیدت پیش،چینی زبان کے دن پر خصوصی پیغام
لاہور:(سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبے بھر کی بنجر زمینوں کو آباد کرکے معاشی زونز میں تبدیل کرنے کیلئے بلیواکانومی پروگرام شروع ہے۔ ایکوا کلچر کے فروغ سے صوبے کی بنجر زمینوں کو آباد کرنے، روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں اضافے ہوگا۔
پنجاب میں بلیو اکانومی کے فروغ کیلئے سرگودھا شرمپ اسٹیٹ، علی والا اور شاہ گڑھ شرمپ فارم منصوبوں کے انفراسٹرکچر کی تیاری میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ سرگودھا شرمپ فارمنگ منصوبے کے لیے 126 میں سے 118 تالابوں کی کھدائی مکمل کر لی گئی جبکہ 118 تالابوں کے 92 فیصد پشتوں کی تعمیرکا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔ 116 ٹیوب ویلز کی بورنگ مکمل ہونے سے پانی فراہمی کے نظام کا 92 فیصد کام تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سرگودھا شرمپ فارمنگ منصوبے کے لیے 365 ایکڑ اراضی کی صفائی اور سروے کا 100 فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔ شرمپ فارمنگ کا یہ منصوبہ مجموعی طور پر 500 ایکڑ پر مشتمل ہے۔ 2020 میٹر سڑک کی تعمیر کے لیے زمین کو پختہ بنانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا جبکہ منصوبے کی مزید سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔
ویئر ہاؤس کی تعمیر 90 فیصد مکمل ہو چکی ہے، ایڈمن بلاک اور فیڈ سٹور کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ علی والا شرمپ اسٹیٹ کے لئے مختص اراضی کے1267 ایکڑ میں سے 90 فیصد رقبہ کلیئر کر دیا گیا۔ 737 میں سے 642 تالابوں کی کھدائی بھی مکمل کر لی گئی۔ ڈرینج سسٹم پر 91 فیصد کام مکمل ہوگیا جبکہ ایم ڈی سی ڈرینز کی کھدائی کا 100 فیصد کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔9000 میٹر روڈ نیٹ ورک کا سروے و کلیئرنگ مکمل کر لی گئی اور ارتھ فلنگ کا 80 فیصد کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔علی والا شرمپ فارمنگ منصوبے کے لیے 317 ٹیوب ویلز کی بورنگ کا کام مکمل ہوگیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے تحت علی والا شرمپ فارمنگ منصوبے میں ایڈمن آفس، ہاسٹل، ویئر ہاؤس اور لیبر کی رہائشی عمارت تعمیرکی جارہی ہیں جس کی بنیادوں کا 100 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔
شاہ گڑھ شرمپ فارم میں واٹر سپلائی 90 فیصد، الیکٹریفیکیشن 95 فیصد اور رابطہ سڑک کی تعمیر کا 97 فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے تحت صوبے میں پہلی مرتبہ سرکاری سرپرستی میں جھینگوں کی افزائش کے لیے جدید سائنسی نظام کے استعال کا یہ پہلا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔جھینگوں کی افزائش کے لیے درکار پانی کا درجہ حرارت موزوں پایا گیا ہے، منصوبے پر کام کرنے والے ماہرین نے تجربات کی رپورٹ حکام کو پیش کر دی۔
ماہرین کی رپورٹ کے مطابق جھینگوں کی افزائش کے لیے روزانہ 114 کلوگرام خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔ سپلیمنٹس کے ذریعے جھینگوں کے بین الاقوامی معیار اور پیداوار میں بہتری کی رپورٹ بھی حوصلہ افزا پائی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازنے شرمپ فارمنگ منصوبے پر تیزی سے پیش رفت پرپوری ٹیم کو شاباش دی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کی شرمپ فارمنگ کو پنجاب کو ایکوا کلچر کا مرکز بنائے گی۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خضدار میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں بلوچستان پولیس لیڈی کانسٹیبل ملک ناز بلوچ کی شہادت اور قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان کی بہادر بیٹی نے جرات و بہادری کی مثال قائم کی۔ شہید ملک ناز نے ثابت کردیاجب قوم کی بیٹی ڈٹ جائے تو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔
وزیرِ اعلی نے شہید ملک ناز کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعاکی اورہمدردی واظہار تعزیت کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چینی زبان عالمی منظر نامے میں بہت زیادہ اہمیت اختیار کرچکی ہے۔ چینی زبان اقوام متحدہ کی چھ آفیشل زبانوں میں سے ایک ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے چینی زبان کے دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ دنیا میں تقریباً سوا ارب افراد چینی زبان بولتے ہیں۔ چین کی بے مثال ترقی دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ چین کے امن، استحکام اور عالمی ترقی میں اس کے کلیدی کردار کو سراہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چینی عوام کو چینی زبان کے دن پر مبارکباددی اور کہا کہ عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں زبان اہم ہے۔ چین کی سیاسی، سفارتی اور معاشی اہمیت مسلمہ ہے،چینی زبان سے آگاہی ضروری ہے۔ چینی زبان پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید مضبوط کرسکتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی باشندوں کی سیکورٹی پر مامور پنجاب پولیس کو چینی زبان سکھائی جاتی ہے۔
چین کی مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہونے کے لیے چینی زبان میں مہارت بہت ضروری ہے۔ زبان سیکھنے سے چینی ثقافت کو سمجھنے کے ساتھ عوام سے بہتر تعلقات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔



