لیبیا: اٹلی جانیوالے پاکستانیوں کی کار کو حادثہ،6نوجوانوں جاں بحق
2 کا تعلق سمبڑیال کے نواحی گاؤں دوبرجی چندا سنگھ سے ، 4 کی شناخت نہیں ہو سکی
سمبڑیال(ویب ڈیسک )حالات کو بدلنے کے سنہرے سپنے آنکھوں میں لئے اٹلی جانے والے پاکستانیوں کی کار کو لیبیا میں حادثہ، نتیجہ میں چھ نوجوانوں کے جل کر جاں بحق ہونے کی اطلاع، جن میں دو کا تعلق سمبڑیال کے نواحی گاؤں دوبرجی چندا سنگھ سے ہے، چار کی شناخت نہیں ہو سکی، مبینہ طور پر ایجنٹ کو اٹلی جانے کے لئے فی کس 37 لاکھ طے کیا تھا، حادثہ میں جاں بحق ہونے والا نوجوان عمر اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا اور پانچ بہنوں کا بھائی تھا جبکہ ایک بھائی چند ماہ قبل کینسر سے وفات پا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق لیبیا کے شہر زوارہ کے مشرقی علاقہ میلیٹا میں پاکستانی نوجوانوں کی کار تیز رفتاری کے باعث سڑک لیول کرنے والی موٹر گریڈر سے جا ٹکرائی، حادثہ کے فوراً بعد کار میں آگ لگ گئی جس میں سوار چھ پاکستانی لقمہ اجل بن گئے، جاں بحق نوجوانوں میں سے دو کا تعلق سمبڑیال کے نواحی گاؤں دوبرجی چندا سنگھ سے ہے جن کی شناخت عمر اﷲ رکھا اور ملک عادل رفیق کے نام سے ہوئی ہے، نوجوان 31 اکتوبر کو فیصل آباد ائیرپورٹ سے سعودیہ کیلئے روانہ ہوئے تھے، وہاں پہنچ کر انہوں نے عمرہ کیا اور کچھ دن بعد لیبیا کیلئے روانہ ہو گئے۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوان مبینہ طور پر غیر قانونی لیبیا سے اٹلی جانا چاہتے تھے لیکن حادثہ کا شکار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق حادثہ کا شکار نوجوانوں نے مقامی ایجنٹ کو اٹلی جانے کے لئے فی کس 37 لاکھ طے کیے تھے اور جانبحق ہونے والا عمر نامی نوجوان والدین کا اکلوتا بیٹا اور پانچ بہنوں کا بھائی تھاجبکہ ایک بھائی چند ماہ قبل کینسر سے وفات پا چکا ہے۔



