لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں جرائم کی شرح میں اضافے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں پولیس حکام سے جواب طلبی کی گئی اور جرائم کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے جرائم کی ویڈیوز خود دکھا کر شدید برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قتل، ڈکیتی، اغوا اور دیگر جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
مریم نواز نے شیخوپورہ اور فیصل آباد میں بڑھتے جرائم پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کی سرزنش کی اور آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا گیا ہے اور اب کسی افسر کو کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں، لہٰذا بہتر نتائج دینا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو ریکارڈ بجٹ، جدید وسائل اور مکمل اختیارات فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے گلبرگ اور گجرات میں پیش آنے والے حالیہ جرائم کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات عوام میں خوف و ہراس پیدا کرتے ہیں اور انہیں فوری روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے منشیات کے بڑھتے رجحان پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
دوسری جانب Earth Day کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف شجرکاری سب سے مؤثر ہتھیار ہے۔ انہوں نے عوام سے پلاسٹک کے استعمال میں کمی اور درخت لگانے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ زمین آنے والی نسلوں کی امانت ہے اور اس کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سمارٹ انوائرمنٹ فورس کے قیام اور 10 سالہ کلائمیٹ ایکشن پلان پر بھی روشنی ڈالی۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے ضلع خیبر میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔



