لاہور ( سلمان حسین ) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 4مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 11رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان کے 136رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز 20میں 9وکٹوں پر 124رنز بنا سکی۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سری لنکا کے خلاف میچ کھیلنے والے پلیئر ہی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔ بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا اور ایک کے بعد ایک بیٹر آئوٹ ہوتا گیا۔49کے مجموعی سکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان 4اور صائم ایوب ایک بار پھر صفر پر آئوٹ ہوئے۔
صائم ایشیا کپ 2025میں چوتھی بار صفر پر پویلین لوٹے۔ تیسری وکٹ فخر زمان کی صورت میں گری، وہ بھی 13رنز پر آئوٹ ہوگئے جبکہ حسین طلعت صرف 3رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ پانچویں وکٹ کپتان سلمان علی آغا کی صورت میں گری، وہ 19رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ اس کے بعد شاہین آفریدی 19،محمد حارث 31اور محمد نواز 25رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
جبکہ فہیم اشرف 14اور حارث رئوف3رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، مہدی حسن اور رشاد حسین نے2،2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔136رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز بھی اچھا نہ تھا، ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی گئیں۔
63کے مجموعی سکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ شاہین نے پرویز حسین کو صفر اور توحید ہرودئے کو 5رنز پر پویلین بھیجا جبکہ سیف حسن 18رنز بناکر حارث رئوف کا شکار بنے جبکہ مہدی حسن 11رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس کے بعد نور الحسن 16، جاکر علی 5اور شمیم حسین 30رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حارث رئوف نے 3،3وکٹیں حاصل کیں۔
صائم ایوب نے 2اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ایشیا کپ سپر 4کا آخری میچ آج بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔ سری لنکا پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔ جبکہ فائنل اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔



