امیر البحر سے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کی ملاقات
دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد ( ویب ڈیسک) کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے نیول ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ نے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور معزز مہمان نے پاک بحریہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
بعد ازاں، انہیں نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل سٹاف آفیسرز سے متعارف کرایا گیا۔ امیر البحر سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے بحری افواج کے مابین پیشہ ورانہ روابط اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے مابین مضبوط اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی لیے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔



