پاکستانتازہ ترین

فی میل ایجوکیشن ٹرسٹ وفد کی جاپانی قائم مقام قونصل جنرل سے ملاقات، بلوچستان میں اونٹ پر قائم انوکھی لائبریری کو سراہا گیا

کراچی (نمائندہ خصوصی) فی میل ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایک وفد نے جاپان کے کراچی قونصلیٹ میں تعینات قائم مقام قونصل جنرل تمورا تاکاہیرو سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان سمیت ملک کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ، تعلیمی منصوبوں اور ثقافتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں زبیدہ جلال گرلز ہائی اسکول کی شریک بانی اور پرنسپل رحیمہ جلال، میر جلال خان ہائیر سیکنڈری اسکول کی شریک بانی کریمہ جلال اور نوروز بلوچ شامل تھے، جبکہ اس موقع پر مشیر سرمایہ کاری بورڈ اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروز عالم شاہ بھی موجود تھے۔

فی میل ایجوکیشن ٹرسٹ کے تعلیمی منصوبوں پر بریفنگ

ملاقات کے دوران رحیمہ جلال اور کریمہ جلال نے قائم مقام قونصل جنرل کو فی میل ایجوکیشن ٹرسٹ کے اغراض و مقاصد اور بلوچستان میں جاری مختلف تعلیمی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ ایک غیر سرکاری فلاحی تنظیم ہے جو ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بچوں، خصوصاً بچیوں، کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ نے الف لیلیٰ بک بس سوسائٹی کے تعاون سے بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں بچوں تک کتابوں کی رسائی ممکن بنانے کے لیے اونٹ پر ایک منفرد متحرک لائبریری (Camel Library) قائم کی ہے، جس کا مقصد بچوں میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینا اور تعلیم کو ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔

جاپان کا پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے عزم کا اعادہ

قائم مقام قونصل جنرل تمورا تاکاہیرو نے کہا کہ تعلیم اور ثقافتی تبادلے پاکستان اور جاپان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان، جائیکا (JICA) اور دیگر اداروں کے ذریعے پاکستان میں مختلف تعلیمی منصوبوں کی کامیاب معاونت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں کی جانے والی سرمایہ کاری نہ صرف پاکستان میں شرح خواندگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بھی مزید مستحکم کر رہی ہے۔

اونٹ پر قائم لائبریری کو قابلِ تحسین قرار دیا گیا

قائم مقام قونصل جنرل تمورا تاکاہیرو اور مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز عالم شاہ نے بلوچستان میں اونٹ پر قائم منفرد لائبریری کے منصوبے کو سراہتے ہوئے فی میل ایجوکیشن ٹرسٹ کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بچوں تک تعلیم اور کتابوں کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ٹرسٹ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button