پاکستانتازہ ترین

مریم نواز کا پورے پنجاب میں واسا کے قیام کا اعلان مکمل، 41 اضلاع میں سروسز شروع

لاہور (سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پورے پنجاب میں واسا کے قیام کا وعدہ پورا کر دیا گیا ہے اور عوام کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

لاہور میں واسا پنجاب سیوریج فلیٹ فیز ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 41 اضلاع میں واسا سروسز قائم کی گئی ہیں، جس سے نکاسی آب کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے سیوریج سے متعلق جدید مشینری کا معائنہ کیا اور سیوریج گاڑیوں کی چابیاں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین کے حوالے کیں۔ انہوں نے مشینری کی ورکنگ کے بارے میں بھی تفصیلات حاصل کیں اور ڈرائیورز کو عوامی خدمت کی ہدایت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ واسا پنجاب سیوریج فلیٹ کے پہلے مرحلے میں 15 اضلاع کو 552 جدید گاڑیاں اور مشینیں فراہم کی جا رہی ہیں جن میں سیور سکر مشین، ڈی سلٹنگ مشین، واٹر باؤزر اور دیگر جدید آلات شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ دوسرے مرحلے میں 22 اضلاع کو مزید 937 مشینیں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اضلاع کی سطح پر سیوریج سروسز کا آغاز ایک اہم سنگ میل ہے جس سے بارش اور سیلاب کے دوران عوام کو ریلیف ملے گا اور ماحولیات میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ مون سون سے قبل نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید برآں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت صحت کے شعبے سے متعلق اجلاس میں مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، ٹرانسپلانٹ پروگرام اور ڈائیلسز سہولیات شامل ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت ہزاروں بچوں کا علاج مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ ٹرانسپلانٹ اور ڈائیلسز پروگرامز کے ذریعے بھی مریضوں کو مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جاری پروگرامز کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو معیاری طبی سہولیات میسر آئیں۔

انہوں نے آٹزم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آٹزم کے شکار بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی حکومت کی ترجیح ہے اور اس حوالے سے خصوصی اقدامات جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ نے لاہور میں پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سنٹر کے قیام کو ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button