لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) لاہور میں پتنگ بازی کے واقعات میں صحافی اور ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق شاہدرہ کے علاقے میں ایک بچہ چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ بچے کی شناخت 10سالہ عمار کے نام سے ہوئی ہے۔ عمار بارہ دری روڈ پر پتنگ لوٹنے کے چکر میں گھر کی چھت سے گر کر جاں بحق ہوا۔ عمار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
اسی طرح بلال گنج کے علاقے میں پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گر کر 16سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ نوجوان بسنت کی دوسری رات پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گرا، جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی کی شناخت 16سالہ عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو سیالکوٹ سے بسنت منانے لاہور آیا ہوا تھا۔ پولیس کی ضروری کاروائی کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کردی ہے۔
باغبانپورہ کے علاقے اقبال کالونی میں پتنگ لوٹتے ہوئے 32سالہ شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
ایدھی فائونڈیشن کے ترجمان کے مطابق32سالہ سلیمان پتنگ لوٹتے ہوئے دھاتی تار کی وجہ سے کرنٹ لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا، پولیس کی ضروری کارروائی کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دی۔ مزید برآں لاہور کا مقامی صحافی زین ملک بھی پتنگ بازی کے دوران چھت سے گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ زین ملک ساندہ کا رہائشی تھا۔
زخمی حالت میں میاں منشی ہسپتال لے جایا گیا لیکن دم توڑ دیا۔ زین ملک مختلف چینلز پر بطور رپورٹر کام کرتا رہا تھا۔ اپ نیوز میں بطور سپورٹس رپورٹر کام کیا۔ دوسری جانب ڈیفنس میں ڈور پھرنے سے ایک بچہ زخمی ہوگیا ہے۔ بچے کی شناخت زین کے نام سے ہوئی ہے۔ بچہ سائیکل چلا رہا تھا کہ اس کے گلے پر ڈور پھر گئی فوری ہسپتال منتقل کیا اور طبی امداد دی گئی۔ بچے کے گلے پر ٹانکے لگے۔ حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔



