پاکستانتازہ ترین

پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کی جائے، پٹرولیم لیوی بھی ختم کی جائے: حافظ نعیم الرحمان

لاہور (زبیر اسلم خان) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس آ چکی ہیں، اس لیے پاکستان میں بھی پٹرول کی قیمت کم کرکے 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔

اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ چکی ہے، لیکن پاکستان میں عوام اب بھی مہنگا پٹرول خریدنے پر مجبور ہیں، جس کا براہِ راست بوجھ عام شہریوں پر پڑ رہا ہے۔

عوام کو فوری ریلیف دیا جائے

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کے بجائے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے، جبکہ عوام مہنگائی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے مطابق پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔

پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ

حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس ٹیکس کو مکمل طور پر ختم کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے مہنگائی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہییں۔

ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی کم کی جائیں

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے تو اس کے ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے خورونوش سمیت روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی آنی چاہیے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں کو 28 فروری کی سطح پر واپس لانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button