پاکستانتازہ ترین

جیل اصلاحات کرنی ہیں تو آغاز اڈیالہ سے کیا جائے، سہیل آفریدی

اسلام آباد، پشاور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اگر ملک میں جیل اصلاحات کرنی ہیں تو اس کا آغاز اڈیالہ جیل سے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان ناحق قید ہیں، انہیں اہلخانہ، ذاتی معالجین اور اپنے بیٹوں سے ویڈیو لنک پر رابطے کی سہولت فراہم کی جائے۔

اسلام آباد میں منعقدہ جیل اصلاحات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر ملاقات کے لیے آنے والے افراد کی سہولت کے لیے انتظار گاہ بھی قائم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت جیل میں متاثر ہوئی، اس لیے انہیں اپنے ذاتی ڈاکٹروں سے علاج کرانے کی اجازت دی جانی چاہیے اور ان کے بنیادی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔

اڈیالہ جیل میں سہولیات فراہم کی جائیں

سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کو اپنے بیٹوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات کرنے کی اجازت دی جائے، جبکہ اگر ان کی بہنوں سے ملاقات ممکن نہیں تو ان کے خلاف واٹر کینن جیسے اقدامات بھی نہیں ہونے چاہییں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اہلخانہ اور ذاتی معالجین تک رسائی دینا ان کے بنیادی حقوق کا تقاضا ہے۔

خیبرپختونخوا کی جیلوں میں اصلاحات کا دعویٰ

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق خیبرپختونخوا کی جیلوں میں قیدیوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری نظام میں جلسے جلوس ہر شہری کا حق ہیں، لیکن یہاں جلسہ کرنے پر مقدمات درج کر لیے جاتے ہیں، حتیٰ کہ کم عمر بچوں پر بھی دہشت گردی کے مقدمات قائم کیے گئے۔

ضم شدہ اضلاع پر ٹیکس مسترد

دریں اثنا پشاور میں پارٹی قائدین اور اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ضم شدہ اضلاع پر نئے ٹیکس عائد کرنے اور صوبے میں طویل لوڈشیڈنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ضم شدہ اضلاع کو نظر انداز کر رہی ہے اور این ایف سی، اے آئی پی اور موجودہ بجٹ کے واجبات بھی ادا نہیں کیے گئے۔

وفاق نے وعدہ خلافی کی، حقوق کا تحفظ کریں گے

سہیل آفریدی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع پر ٹیکس نہ لگانے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن وفاقی حکومت نے اپنے وعدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نئے ٹیکس نافذ کر دیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت ضم شدہ اضلاع کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button