انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

انڈونیشیا میں علیحدگی پسندوں کا حملہ، امریکی پائلٹ قتل، طیارہ نذر آتش

پاپوا (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے شورش زدہ مشرقی صوبے پاپوا میں علیحدگی پسند باغیوں نے ایک امریکی پائلٹ کو گولی مار کر قتل کرنے کے بعد طیارے کو نذرِ آتش کر دیا، جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق انڈونیشیا کی علیحدگی پسند مسلح تنظیم ویسٹ پاپوا نیشنل لبریشن آرمی (WPNLA) کے ترجمان سیبی سامبوم نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والے امریکی پائلٹ کی شناخت نکولس ایف گوسیلن کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق طیارہ پاپوا کے ضلع یاہوکیمو (Yahukimo) میں لینڈ ہوا تھا، جہاں باغیوں نے حملہ کرکے امریکی پائلٹ کو قتل کرنے کے بعد طیارے کو آگ لگا دی۔

باغیوں کا فوجی استعمال کا الزام

حملہ آوروں کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ طیارہ بارہا انڈونیشیا کی فوج کے اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا اور اس حوالے سے دی گئی وارننگ کو نظر انداز کیا گیا، جس کے بعد کارروائی کی گئی۔

حملے کے بعد باغیوں کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں مسلح افراد کو بندوقوں اور کلہاڑیوں کے ساتھ "مارننگ اسٹار” پرچم لہراتے ہوئے دیکھا گیا، جو پاپوا کی آزادی کی تحریک کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

مزید حملوں کی دھمکی

علیحدگی پسند گروپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر انڈونیشیا نے ان کے زیرِ اثر علاقوں میں شہری طیاروں کی پروازیں جاری رکھیں تو مستقبل میں بھی ایسے حملے کیے جائیں گے۔

حکام کی محتاط تصدیق

دوسری جانب انڈونیشیا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق طیارہ وامینا سے یاہوکیمو جا رہا تھا، تاہم لینڈنگ کے فوراً بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

وزارت کے مطابق یہ طیارہ ایک مقامی فضائی کمپنی کی ملکیت تھا، جو دور دراز علاقوں میں خوراک، ایندھن، ڈاک اور دیگر ضروری سامان پہنچانے کی خدمات انجام دیتی ہے۔

ادھر مشترکہ پولیس اور فوجی آپریشنز کے ترجمان یوسف سوتیجو نے بتایا کہ یاہوکیمو کے ہوائی اڈے پر ایک جلا ہوا طیارہ ملا ہے، جسے ایک امریکی پائلٹ اڑا رہا تھا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی یہ سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ حملہ علیحدگی پسندوں نے کیا یا امریکی پائلٹ کی ہلاکت کی اطلاع درست ہے۔

طیارے میں 8 افراد سوار تھے

حکام کے مطابق طیارے میں امریکی پائلٹ سمیت مجموعی طور پر 8 افراد سوار تھے، جن میں دیگر سات افراد مقامی پاپوا کے رہائشی تھے۔ ان مسافروں کی حالت یا مقام کے بارے میں تاحال کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

پاپوا تنازع کیا ہے؟

وسائل سے مالا مال مغربی پاپوا کئی دہائیوں سے انڈونیشیا میں علیحدگی پسند تحریک کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں باغی گروہ آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں جبکہ انڈونیشی فوج اور باغیوں کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

حالیہ برسوں میں باغیوں کے پاس جدید اسلحہ آنے کے بعد حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

فروری 2023 میں بھی پاپوا کے باغیوں نے نیوزی لینڈ کے پائلٹ فلپ میرٹنز کو ایک تجارتی طیارہ اتارنے کے بعد اغوا کر لیا تھا، جنہیں تقریباً 19 ماہ بعد ستمبر 2024 میں رہا کیا گیا تھا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button