انٹر نیشنلپاکستانسپورٹس

بھارت سے میچ: حتمی فیصلہ حکومت کریگی : PCB کا ICCکو جواب درخواست پر وزیر اعظم سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ

لاہور ( سلمان حسین ) پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے اصولی موقف پر ڈٹ گیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے ڈپٹی چیف کو واضح کر دیا ہے کہ بھارت کے ساتھ 15فروری کو شیڈول میچ نہیں کھیلیں گے۔ تاہم آئی سی سی کی درخواست پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیر اعظم سے دوبارہ رابطے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے آئندہ ایک دو روز میں ملاقات متوقع ہے۔
محسن نقوی آئی سی سی کی درخواست پروزیر اعظم سے ہدایات لیں گے۔ پاک، بھارت کرکٹ میچ سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم ہی کریں گے۔ تفصیل کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام، آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور آئی سی سی کا مصالحتی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم میں آئی سی سی وفد کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ہیڈ کوارٹرز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کے ڈپٹی چیف کے سامنے اپنا بیانیہ کھل کر رکھا۔ ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی اپنے اصولی موقف پر ڈٹ گیا کہ بھارت سے 15فروری کو کولمبو میں میچ نہیں کھیلیں گے، میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومت پاکستان نے کیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومت کا ہے اور بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ بھی حکومت ہی کریگی۔ ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان مذاکرات 3گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہے، جن میں چیئرمین پی سی بی کا فوکس بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پر تھا۔
جبکہ آئی سی سی وفد نے پاکستان سے بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی۔ ذرائع کے مطابق بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ طویل میٹنگ میں زیر بحث ایشوز پر گفتگو کے بعد آئی سی سی کے نمائندے عمران خواجہ میٹنگ کی تفصیلات سے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے۔ پاکستان نے دلائل کے ذریعے اپنے تحفظات اور موقف کا کھل کر اظہار کیا۔
آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین نے بھارت سے میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے پر زور دیا۔ ان کا موقف تھا کہ پاکستان کو کرکٹ کے توسیع تر مفاد میں بھارت کے ساتھ میچ کھیلنا چاہیے۔ میٹنگ میں عمران خواجہ نے بعض معاملات پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے موقف کی حمایت بھی کی اور پی سی بی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
عمران خواجہ کی رپورٹ کی روشنی میں پاکستانی شرائط اور تجاویز پر آئی سی سی ایک دو روز میں جواب سے پی سی بی کو آگاہ کرے گا ۔ مزید برآں ذرائع کے مطابق ٹی 20کرکٹ ورلڈ کپ 2026میں پاکستان کے بھارت سے میچ نہ کھیلنے کے حوالے سے آئی سی سی کی درخواست پر چیئرمین پی سی بی نے وزیر اعظم سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔
محسن نقوی کی وزیر اعظم شہباز شریف سے آئندہ ایک دو روز میں ملاقات متوقع ہی، محسن نقوی آئی سی سی کی درخواست پر وزیراعظم سے ہدایات لیں گے۔ ذرائع کے کہنا ہے کہ پاک، بھارت کرکٹ میچ سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ دوسری جانب سری لنکا کے بعد اماراتی کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف 15فروری کا میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔ قبل ازیں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی) کے صدر امین الاسلام نے بھی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی اور ٹی 20ورلڈ کپ میں بھارت سے نہ کھیلنے کے معاملے پر بنگلہ دیش کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button