لاہور (زبیر اسلم خان) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی، مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج اور اہم شاہراہیں جام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا اور اپنے اخراجات کم نہ کیے تو احتجاج کو غیر معینہ مدت تک بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 7 اگست پرامن سیاسی مزاحمت کا تاریخی دن ہوگا اور اس روز کراچی سے خیبر تک عوام سڑکوں پر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلا، اساتذہ، ڈاکٹرز، طلبہ، مزدور، تاجر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد احتجاج میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گولی اور گالی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ پرامن اور آئینی جدوجہد کو اپنا حق سمجھتی ہے۔ احتجاج کے دوران صرف ایمبولینسز اور دیگر ہنگامی سروسز کی گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ، ڈپٹی سیکرٹری رسل خان بابر، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری اور سوشل میڈیا ہیڈ سلمان شیخ بھی موجود تھے۔
آزاد کشمیر میں نفرتیں نہ پھیلائی جائیں، سیاسی حل نکالا جائے
حافظ نعیم الرحمان نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وہاں نفرتوں کو ہوا دے رہی ہے، حالانکہ طاقت اور تشدد سے عوام کے دل نہیں جیتے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے امن کے لیے جرگہ تشکیل دیا اور تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے، مگر حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر دونوں میں کشمیریوں کا خون بہہ رہا ہے، جس سے مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کی 40 فیصد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے جبکہ تقریباً پونے تین کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت روزگار دینے کے بجائے بجلی، گیس، پانی اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت 335 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر موٹر سائیکل استعمال کرنے والے غریب طبقے، طلبہ اور ملازمین پر پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے ایک سال میں 1900 ارب روپے پٹرولیم لیوی جبکہ مجموعی طور پر ساڑھے آٹھ ہزار ارب روپے عوام سے مختلف ٹیکسوں کی مد میں وصول کیے ہیں۔
پٹرولیم لیوی عدالت میں چیلنج کریں گے
حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں پہلے ہی درخواست دائر کر چکی ہے، جبکہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو بھی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
فارم 47 کی حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران فارم 47 کی پیداوار ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات لگا رہی ہیں اور خود انتخابی بے ضابطگیوں کا اعتراف بھی کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو اپنے مؤقف میں سچے ہیں تو وہ اپنے فارم 45 عوام کے سامنے پیش کریں، جبکہ چیئرمین سینیٹ اور صدر مملکت بھی وضاحت کریں کہ وہ کس انتخابی بنیاد پر منتخب ہوئے۔
پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تنقید
امیر جماعت اسلامی نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو نمائشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایک کروڑ 18 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اساتذہ، ڈاکٹرز اور نرسز اپنے حقوق کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اور سرحدی اضلاع میں بھی روزانہ دہشت گردی اور قتل و غارت کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، مگر حکومت مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام ہے۔
غزہ اور مشرق وسطیٰ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی
بین الاقوامی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی غزہ، ایران اور پوری مسلم اُمہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کو مشرق وسطیٰ میں اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی اقتدار یا ذاتی مفاد کے لیے ڈیل نہیں کرے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران سرکاری اخراجات میں کمی لائیں، قیمتی سرکاری جہاز اور لگژری گاڑیاں فروخت کر کے عوام کو ریلیف دیں، بصورت دیگر عوامی احتجاج کا سلسلہ مزید شدت اختیار کرے گا۔



