پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

مری:ملتان سے آئے سیاحوں کی وین کو حادثہ،10جاں بحق،13زخمی

 

مری:(ویب ڈیسک)مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام پر سیاحوں کی وین حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 10 سیاح جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق گاڑی اوور اسپیڈ ہونے کے باعث سائیڈ دیوار سے ٹکرائی جس کے بعد گاڑی کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی اور سلائیڈنگ دروازہ بھی لاک ہو گیا۔

لاشوں اور زخمی افراد کو قریبی اسپتال اور پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔


ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے کے شکار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو ملتان سے مری جا رہے تھے۔

موٹر وے پولیس کے حکام کے مطابق ملتان سے تعلق رکھنے والی سیاح فیملی مختلف گاڑیوں میں مری جارہی تھی کہ متاثرہ ہائی ایس وین میں 13 مرد و خواتین کے ساتھ 10 بچے بھی سوار تھے۔

ہائی ایس وین مری ایکسپریس وے پر کجھوٹ کے مقام پر پہنچی تو اچانک گاڑی میں خرابی پیدا ہوئی اور گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کنارے برساتی نالے میں دیوار کے ساتھ جالگی جس سے گاڑی کے مسافروں والے پھنس کر رہ گئے اور اچانک گاڑی میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔

موٹر وے پولیس کے مطابق آتشزدگی اور زخمی ہونے کے نتیجے میں مجموعی طور پر چار بچوں سمیت دس افراد جاں بحق ہوئے اور 3 1زخمی ہوئے۔

اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس ،ریسکیو 1122 راولپنڈی اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچی اور جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو نکال کر پمز اور دیگر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس ثاقب وحید کا کہنا تھاکہ ہائی ایس وین اس جانب گری جہاں سے دروازے کھولنا ممکن نہ تھا۔ موٹروے پولیس کی بھاری نفری اور مری انتظامیہ موقع پر موجود ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو کہ ملتان سے مری کی جانب جا رہے تھے وین میں دس بچے بھی سوار تھے ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری ایکسپریس وے پر گاڑی میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے میں شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو اور انتظامی ادارے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں اور واقعے کی وجوہات کا تعین کر کے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں حکومت برابر کی شریک ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button