
مظفرآباد:(نیٹ نیوز) آزاد کشمیر الیکشن نتائج پر پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں گرما گرمی بڑھ گئی، بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے الیکشن نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
مظفر آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم چودھری یاسین کے حلقے میں دھاندلی کے نتائج کیوں تسلیم کریں؟ 30 پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کرنے اور ٹھپے لگانے کے ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان 30 پولنگ اسٹیشنز پر 90 فیصد ٹرن آوٴٹ ہے، چودھری یاسین کے حلقے میں ری پولنگ کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ اس جماعت سے ہے جو نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہے، سیاسی میدان میں شکست ملتی ہے تو قبول کرنے کو تیار ہوں لیکن چوری شدہ رزلٹ تسلیم نہیں ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ کا پہلا وزیرِ اعلیٰ پنجاب بھی دھاندلی کی وجہ سے بنا اور ان کا وزیرِ اعظم آر او الیکشن کی وجہ سے بنا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ لوگ دھاندلی کی وجہ سے اقتدار میں آتے ہیں، یہ نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہیں، ہم انہیں کشمیر میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، 2 اگست کو تیر کی جیت پکی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم تین نسلوں سے کشمیر کی جدوجہد عالمی سطح پر اٹھا رہے ییں، مظفرآباد میں رہنے والے آپ کی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی میدان میں شکست ہوتی ہے تو اسے قبول کرنے کو تیار ہوں، چوری شدہ دھاندلی کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔



