اسلام آباد(ویب ڈیسک)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری (نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین سے نیشنل ایوریج انرجی پرائس کے مطابق بجلی خریدی جائے گی۔
صارفین کو اب یونٹ کی قیمت ادا کرنی ہوگی، یونٹ کے بدلے یونٹ کی فراہمی ختم کردی گئی۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ نئی نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز کا اطلاق بائیو گیس صارفین پر بھی ہوگا۔ نئی ریگولیشنز کے تحت نیٹ بلنگ کا نظام متعارف کروادیا گیا۔ بلنگ سائیکل کے اختتام پر بلنگ نظام کے تحت بل جاری ہوگا۔
ریگولیشنز کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین سے نیشنل ایوریج انرجی پرائس کے مطابق بجلی خریدی جائے گی، نیٹ میٹرنگ صارفین کو موجودہ رائج ٹیرف کے حساب سے بجلی فراہم کی جائے گی۔ریگولیشنز کے مطابق نیشنل گرڈ کو اضافی بجلی کی فراہمی پر صارفین کو سہ ماہی بنیادوں پر ادائیگی کی جائے گی۔ نیٹ میٹرنگ کےلئے معاہدے کی مدت 5 سال تک محدود کردی گئی۔
معاہدہ ختم ہونے کے بعد مزید پانچ سال کی تجدید کی جائے گی۔نئی ریگولیشنز کے بعد نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2015 معطل ہوجائیں گی۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈسکوز صارفین دو طرفہ میٹر یا علیحدہ میٹر لگوانے کے پابند ہوں گے، ایک کلوواٹ سے ایک میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے کی اجازت ہو گی۔ معاہدے کی خلاف ورزی پر کنکشن منقطع کیا جا سکے گا، حفاظتی آلات اور بین الاقوامی معیار پر پورا اترنا لازم قراردیا گیا ۔



