حکومت کیساتھ مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہو رہی:پی ٹی آئی
جب تک لوگ بانی کے ساتھ ہیں وہ مائنس نہیں ہوسکتے: بیرسٹر گوہر، حکومت نے مذاکرات کا کہا لیکن بات چیت شروع نہیں ہوئی: اسد قیصر ، رہائی کیلئے کوششیں ماند پڑگئیں:گنڈا پور

اسلام آباد،پشاور:(نیٹ نیوز)پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت کیساتھ کسی بھی فورم پر مذاکرات کے حوالے سے فی الحال کوئی بات نہیں ہو رہی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہرکی پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم کی مذاکرات کی دعوت کو ویلکم کیا ہے، حکومت کیساتھ کسی بھی فورم پر مذاکرات کے حوالے سے فی الحال کوئی بات نہیں ہورہی، مذاکرات بڑا ہی سنجیدہ عمل ہے اس کے لیے کہیں بیٹھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم سب کو ذاتی انا سے نکل کرکچھ کرنا ہوگا، سوچا تھا ہاتھ ملانے سے معاملات بہتر ہونگے، محمود اچکزئی نے خود جاکروزیراعظم سے ہاتھ ملایا، مذاکرات ہماری خواہش ضرورہیں لیکن واضح کردوں ابھی تک کسی سطح کا رابطہ نہیں ہے، جب تک لوگ بانی کے ساتھ ہیں وہ مائنس نہیں ہوسکتے، اس معاملے کا کچھ حل نکالنا ہوگا۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ میں سیاسی رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالنے کے بالکل خلاف ہوں، سیاست میں کارکردگی پر مقابلہ ہونا چاہیے نہ کہ جیلوں میں ڈالنے پر، ہماری یہ درخواست ہے کل بانی سے فیملی کو ملاقات کرنے دی جائے۔

ادھر پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کی بات کی لیکن بات چیت شروع نہیں ہوئی۔ ہم جمہوریت، آزاد الیکشن کمیشن اور لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتے ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صوبے کا بجٹ پاس کرنا آئینی ذمےداری تھی، وفاق کو پیسے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بغیر نہیں دیں گے۔ اسد قیصر نے کہا کہ انتقامی کارروائیاں بھی بند ہوں، ان مسائل پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام ارکانِ صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی کے وفادار ہیں، ناراض ارکان کے خدشات کو دور کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ناراض ارکان کی بیرسٹر گوہر اور جنید خان سے میٹنگ ہوئی، وزیرِ اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کے پاس مذاکرات کا اختیار نہیں، مذاکرات کا اختیار بانء پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی اور علامہ ناصر کو دیا ہے۔

علاوہ ازیں پشاور میںمیڈیا سے گفتگو میںسابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف کی رہائی کیلئے کوششیں ماند پڑگئی ہیں۔ بانی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف کیسز جعلی ہیں اور بانی کے اہل خانہ اور وکلا کی ملاقات بھی نہیں کرائی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ ناراض ارکان وزیراعلیٰ اور بجٹ کے خلاف نہیں ہیں۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا تھا کہ میں بانی سے ملاقات کیلئے نہیں جاتا تھا، ان سے میری ملاقاتیں ہوتی تھیں لیکن کم ہوتی تھیں۔



