
لاہور (اسپورٹس رپورٹر) چیئرمین پاکستان تائیکوانڈو یونین کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ آٹھواں ٹریٹ ورلڈ تائیکوانڈو پریزیڈنٹ کپ ایشین ریجن پاکستان کے لیے ایک تاریخی ایونٹ ثابت ہوا ہے، 38 ممالک سے 869 سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت پاکستان کے پُرامن ہونے کا واضح ثبوت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان عالمی معیار کے تائیکوانڈو ایونٹس کی میزبانی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پریزیڈنٹ کپ کے انعقاد سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے مقابلوں میں حصہ لینے اور غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا قیمتی تجربہ حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد سے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے اجاگر ہوتا ہے جبکہ عالمی تائیکوانڈو کمیونٹی کا پاکستان پر اعتماد بھی مزید مضبوط ہوتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ مستقبل میں پاکستان میں تائیکوانڈو کے مزید بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ قومی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔
وسیم جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان میں عالمی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ ایشین تائیکوانڈو یونین بھی پاکستان میں تائیکوانڈو کے فروغ اور بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون کر رہی ہے۔
انہوں نے تائیکوانڈو کے فروغ کے لیے اسپانسرز اور میڈیا کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور معاونت سے ایسے بڑے بین الاقوامی ایونٹس کامیابی سے منعقد ہو رہے ہیں، جس سے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں مدد مل رہی ہے۔



