اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان سے دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کر دیا جائے گا، صوبے میں امن و استحکام اور ترقی کا عمل ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس کے دوران بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے صدر مملکت کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
بلوچستان کو خصوصی توجہ اور وسائل فراہم کیے جائیں: صدر زرداری
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر روابط ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کو خصوصی توجہ اور ضروری وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا۔ امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل کو بھی تسلسل کے ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہے۔
دہشتگردی کی کوششیں ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے
آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کی جانب سے بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششیں ہر قیمت پر ناکام بنائی جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان سے دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ ہو جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام اور ترقی کے عمل کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارشات پر مؤثر عملدرآمد پر زور
دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں اور سفارشات پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے مؤثر طریقہ کار مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے تاکہ شکایات کنندگان کو فراہم کیا جانے والا ریلیف بامعنی اور مؤثر ثابت ہو۔
جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے یہ بات وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی اور وفاقی ٹیکس محتسب کی سالانہ رپورٹ 2025 پیش کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب وفاقی ٹیکس قوانین کے انتظام میں بدانتظامی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ناانصافیوں کی نشاندہی، تحقیقات، ازالے اور اصلاح کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں اور سفارشات پر مؤثر عملدرآمد سے نہ صرف شکایات کنندگان کو بروقت ریلیف ملے گا بلکہ ٹیکس نظام میں شفافیت اور عوام کے اعتماد کو بھی مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔



