
لاہور ( سلمان حسین) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 11کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159رنز کے بڑے مارجن سے ہراکر ایونٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی نے بابر اعظم اور کوشال مینڈس کی شاندار اننگز کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کیلئے 247رنز کا ہدف دیا۔ کوشال مینڈس نے 109رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم 51گیندوں پر 87رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
بابر اعظم اور کوشال مینڈس کے درمیان پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت داری قائم ہوئی۔ اس جوڑی نے دوسری وکٹ پر 191رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ اس کے علاوہ عبدالصمد نے12گیندوں پر 40رنز بنائے جس میں 3چوکے اور 4چھکے شامل تھے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
کراچی کنگز کی ٹیم 247رنز کے ہدف کے جواب میں 87رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ کراچی کنگز کے اعظم خان 25رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے ناہید رانا، افتخار احمد اور سفیان مقیم نے3،3کھلاڑی آئوٹ کیے۔ خیال رہے کہ پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159رنز سے ہرا کر پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے بڑے مارجن سے شکست دی ہے۔
اس سے قبل 16ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلی کے بعد 9وکٹوں سے شکست دے دی۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قلندرز کی پوری ٹیم 100رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ سکندر رضا 25رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسیب اللہ 19اور آصف علی 15رن بنا سکے۔ کرس گرین نے 3، رچرڈ گلیسن، عماد وسیم اور شاداب خان کی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 101رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 11ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ یونائیٹڈ کے ڈیون کونوے نے 59اور محمد فائق نے 34رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں ۔ قلندرز کے شاہین آفریدی ایک وکٹ لے کر نمایاں بولر رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کرس گرین کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم میں اوپنر ایمون کی جگہ ریان برل کو شامل کیا گیا۔



