لاہور (بیورو چیف) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ معاشی استحکام، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی فلاح پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی مسلسل محنت اور بہترین معاشی پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے۔
پوسٹ بجٹ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دن رات محنت کرکے معاشی استحکام کو یقینی بنایا، جبکہ پاکستان نے سفارتی سطح پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب نے گزشتہ سال شدید سیلاب کا سامنا کیا، تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مؤثر حکمت عملی کے ذریعے صورتحال کو بہتر انداز میں سنبھالا۔ صوبے میں یکساں ترقی کا عمل جاری ہے اور وفاقی گرانٹس میں پنجاب کا حصہ سب سے زیادہ ہے۔
پنجاب ریونیو میں تاریخی اضافہ
سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی وسائل میں اضافے پر خصوصی توجہ دی ہے۔ پنجاب کے ریونیو میں 426 ارب روپے سے اضافہ کرکے 820 ارب روپے تک پہنچایا گیا جبکہ صوبائی ٹیکس ریونیو 519 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے غیر ضروری اخراجات کم کیے، تاہم صحت، تعلیم، سماجی شعبے اور ستھرا پنجاب پروگرام کے بجٹ میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔
مریم اورنگزیب کے مطابق حکومت نے ٹیکس بیس میں اضافہ کیا اور کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ رائٹ سائزنگ کے ذریعے ایک لاکھ خالی آسامیوں کو ختم کیا گیا جبکہ گزشتہ ڈھائی سال میں 12 ہزار سے زائد ترقیاتی اسکیموں کو مکمل یا ختم کیا گیا۔
کسانوں اور صنعت کیلئے بڑے اقدامات
سینئر وزیر نے بتایا کہ کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے گئے، 300 ارب روپے کے قرضوں کی وصولی 99.9 فیصد رہی جبکہ گزشتہ دو سال میں کسانوں کو 31 ہزار ٹریکٹر فراہم کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 600 بسیں آ چکی ہیں جبکہ 2 ہزار بسوں کا ہدف مکمل کیا جا رہا ہے۔ صنعتی زونز میں کاروبار کے فروغ کیلئے 2 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک قرضے فراہم کیے جائیں گے اور جہاں صنعت قائم ہوگی وہاں زمین بھی فراہم کی جائے گی۔
میٹرو منصوبے، ای ٹیکسیاں اور نوجوانوں کیلئے فنڈز
مریم اورنگزیب نے کہا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میٹرو منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 5.4 ارب روپے کی لاگت سے 1100 ای ٹیکسیوں کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کیلئے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ زراعت اور لائیو اسٹاک کیلئے 116 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ فشریز کے شعبے کیلئے بھی خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
کچے کے علاقوں کی ترقی کیلئے 55 ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پروگرام بھی بجٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
پنجاب میں نئے ٹیکس ادارے کے قیام کا اعلان
وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے اور گزشتہ دو بجٹ میں اعلان کیے گئے منصوبوں کو مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرز پر ایک نیا ادارہ قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے تمام ٹیکسز ایک ہی چھت تلے جمع کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں میں نمایاں بہتری سے صوبے کی مالی استعداد بڑھی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے مزید وسائل دستیاب ہوئے ہیں۔
پنجاب کا 5 کھرب 66 ارب روپے سے زائد ضمنی بجٹ
دوسری جانب رواں مالی سال پنجاب میں 5 کھرب 66 ارب 53 کروڑ 70 لاکھ 60 ہزار روپے سے زائد کا ضمنی بجٹ خرچ کیا گیا، جس کی منظوری پنجاب اسمبلی سے لی جائے گی۔
بجٹ دستاویز کے مطابق ضمنی بجٹ میں صحت، پولیس، پبلک ہیلتھ، زراعت، ترقیاتی منصوبوں، ریلیف، روڈز اور دیگر شعبوں کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی۔



