اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے آزاد کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں، دھرنے ختم کریں اور مسائل کے حل کیلئے بامقصد مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مسئلہ کشمیر کے حوالے سے واضح موقف رکھتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کے آئینی، بنیادی حقوق اور تعمیر و ترقی کو ترجیح دی ہے۔ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی، کیونکہ یہ ملک ہم سب کا ہے۔
عوامی حقوق کیلئے آئینی جدوجہد ضروری ہے
نواز شریف نے کہا کہ عوامی حقوق کے حصول کیلئے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کرنی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کشمیری عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے اپنے نظریاتی اور فکری رشتے کو برقرار رکھتے ہوئے امن کا راستہ اپنائیں، دھرنے ختم کرکے بامقصد مذاکرات کریں۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کے عوام، حکومت پاکستان اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر امن کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گی۔
بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا
نواز شریف نے کہا کہ ملک میں بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ ہم سب نے پاکستان میں بھائیوں کی طرح رہنا ہے، جبکہ کشمیری عوام نے پاکستان کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھا اور ان کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔
دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچانے والے اقدامات سے گریز کی اپیل
نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور دفاعی اداروں نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے جس سے دشمن قوتوں کے مذموم مقاصد کو تقویت ملے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں حالیہ واقعات کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔
اس موقع پر نواز شریف نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں انتخابی مہم بہتر انداز میں چلانے پر انجینئر امیر مقام کی خدمات کو بھی سراہا۔



