پاکستانتازہ ترینصحت

پنجاب کے ہسپتالوں میں عالمی شہرت یافتہ غیر ملکی ڈاکٹرز علاج کریں گے، مریم نواز نے ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کی منظوری دے دی

اوورسیز پاکستانی اور غیر ملکی سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو شارٹ ٹرم سروس کے لیے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں تعینات کیا جائے گا، 12 ہسپتال پروگرام میں شامل

لاہور (سلمان حسین)پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کا معیار بہتر بنانے کے لیے پہلی مرتبہ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اور غیر ملکی سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہیں پنجاب کے بڑے طبی منصوبوں، صحت کی سہولیات اور ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا افتتاح 15 جولائی، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا افتتاح 31 جولائی جبکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا افتتاح 15 اگست کو متوقع ہے۔

بیرون ملک ڈاکٹرز پنجاب کے ہسپتالوں میں خدمات انجام دیں گے

ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اور غیر ملکی سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو پنجاب کے پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں شارٹ ٹرم سروس کے لیے شامل کیا جائے گا۔

پروگرام کے تحت تجربہ کار اور اچھی شہرت رکھنے والے ڈاکٹرز کو پنجاب لایا جائے گا، جنہیں بہترین معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔

مریم نواز نے ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت آنے والے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو عالمی معیار کے مطابق سہولیات اور پیکیج دیا جائے۔

12 ہسپتال پروگرام میں شامل

ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کے لیے ابتدائی طور پر پنجاب کے 12 ہسپتال منتخب کیے گئے ہیں۔

پروگرام میں شامل ہونے والے ڈاکٹرز کے لیے ضروری شرائط میں:

  • پوسٹ گریجویٹ تعلیم مکمل ہونا
  • کم از کم 3 سال بیرون ملک فیلوشپ کا تجربہ
  • فٹنس سرٹیفکیٹ کا ہونا

شامل ہیں۔

پروگرام کے تحت بیرون ملک سے آنے والے ڈاکٹرز کے لیے پنجاب میں کم از کم 15 دن خدمات انجام دینا لازمی ہوگا جبکہ انہیں زیادہ سے زیادہ 8 ایڈوانس سرجریز کرنے کی اجازت ہوگی۔

آن لائن پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن

وزیراعلیٰ مریم نواز کو ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کا ڈیش بورڈ بھی پیش کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پروگرام کے لیے خصوصی آپریشنل ویب پورٹل قائم کیا جائے گا۔

پورٹل پر ڈاکٹرز کی:

  • آن لائن رجسٹریشن
  • کریڈنشلز کی تصدیق
  • کمٹمنٹ
  • ادائیگی
  • رپورٹنگ
  • تعیناتی کی معلومات

درج کی جائیں گی۔

بیرون ملک سے آنے والے ڈاکٹرز پنجاب کے مقامی طبی عملے کی تربیت میں بھی کردار ادا کریں گے۔

نرسنگ شعبے کے لیے بھی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت

مریم نواز نے نرسنگ سیکٹر کے لیے بھی ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کی طرز پر نیا پروگرام شروع کرنے کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں بہترین ہیومن ریسورس لانا ان کا مشن ہے۔ باہر سے آنے والے سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور نرسز کو بہترین پیکیج فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے ڈائریکٹرز کو موثر اور باصلاحیت ہونا چاہیے، جبکہ نرسنگ کیئر صحت کے نظام میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

پنجاب میں صحت کے شعبے میں اقدامات

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 22 ملین مریضوں کا مفت علاج کیا جا چکا ہے، جبکہ سی ایم چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت بچوں کے دل کی 13 ہزار 550 مفت سرجریاں مکمل کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ 7 لاکھ 28 ہزار مریضوں کو ان کی دہلیز پر مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ مریم نواز نے منصوبے کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال سعودی عرب کے بڑے ہسپتالوں جیسا دکھائی دیتا ہے۔

نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا پیکیج اے اور بی 31 جولائی تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں بھرتیاں 10 جولائی تک مکمل کر لی جائیں گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button