انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

وینزویلا میں قیامت خیز زلزلہ، 167 افراد ہلاک، ایک ہزار سے زائد زخمی

کراکس میں 7.2 اور 7.5 شدت کے طاقتور زلزلوں نے تباہی مچا دی، عمارتیں منہدم، امدادی کارروائیاں جاری

کراکس، واشنگٹن، ٹوکیو، بیجنگ (ویب ڈیسک)وینزویلا کا دارالحکومت کراکس دو شدید نوعیت کے زلزلوں سے لرز اٹھا، جہاں چند سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے جھٹکوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں اب تک 167 افراد جاں بحق جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایک منٹ کے اندر آنے والے دونوں طاقتور زلزلوں کے باعث متعدد رہائشی اور کمرشل عمارتیں منہدم ہو گئیں، جن کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

زلزلے کے بعد وینزویلا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ریسکیو ادارے، رضاکار اور سکیورٹی فورسز متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے کئی ممالک تک محسوس کیے گئے

زلزلے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 4 منٹ پر کراکس کے مغرب میں واقع علاقے میں آئے، تاہم ان کے جھٹکے پورے وینزویلا سمیت پڑوسی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا تک محسوس کیے گئے۔

ملبے کے ڈھیر میں تبدیل بلڈنگ نظر آ رہی ہے

وینزویلا کے وزیر داخلہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ہنگامی اداروں کو مکمل طور پر متحرک کر دیا ہے۔

بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ

امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ ادارے نے صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے مزید نقصانات کے امکان کا اظہار کیا ہے۔

حکام کے مطابق کئی علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے جبکہ تباہی کی مکمل صورتحال سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

مائیکیٹیا ایئرپورٹ بند

وینزویلا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے مائیکیٹیا ایئرپورٹ کو زلزلے سے پہنچنے والے نقصان کے باعث عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

زلزلے کے فوراً بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ مسافر اور عملہ خوف و ہراس کے عالم میں ایئرپورٹ سے باہر نکل رہے ہیں، جبکہ عمارت کے اندر چھتوں سے گرد و غبار گرتا ہوا نظر آیا۔

حکام کے مطابق ایئرپورٹ کا معائنہ مکمل ہونے تک پروازوں کی آمد و رفت معطل رہے گی۔

عالمی امداد کی پیشکش

امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈائو نے کہا ہے کہ امریکہ مشکل کی اس گھڑی میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور امدادی سرگرمیوں کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے۔

چین نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق وینزویلا کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام نے زلزلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لاطینی امریکی ممالک سے متاثرین کی مدد کے لیے آگے آنے کی اپیل کی۔

برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے کہا کہ وہ زلزلے کی خبر پر شدید تشویش میں مبتلا ہیں اور بحالی کی کوششوں میں تعاون کریں گے۔

ایل سلواڈور کے صدر نائیب بوکیلے نے 300 ریسکیو اہلکاروں، پیرا میڈکس، 50 ٹن آلات، ادویات اور بنیادی سامان کے ساتھ مدد کی پیشکش کی ہے۔

جاپان اور امریکہ میں بھی زلزلے

دوسری جانب شمالی جاپان میں بھی 6.9 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے جھٹکے ٹوکیو تک محسوس کیے گئے۔

جاپانی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز ایواتی کا ساحلی علاقہ تھا جبکہ اس کی گہرائی 50 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں بھی 5.6 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد تقریباً 10 لاکھ افراد کے لیے الرٹ جاری کیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button